لائیو سٹاک برآمدات بڑھانے کیلئے خصوصی فارم ہاؤسز قائم کرنے کی منظوری
اہم پیش رفت، وزیراعظم نے لائیو سٹاک شعبے کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے کی ہدایت کر دی، درآمدات ڈیوٹی فری ہوں گی، نفاذ فوری ہوگا۔
وزیراعظم شہباز شریف لائیو سٹاک شعبے کی اصلاحات سے متعلق اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت لائیو سٹاک کے شعبے کی جاری اصلاحات پر ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں شعبے کو کارپوریٹ خطوط پر استوار کرنے اور برآمدات بڑھانے کے لیے متعدد اہم اقدامات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیراعظم نے ہدایت کی کہ مویشیوں کی برآمد کے لیے خصوصی فارم ہاؤسز قائم کیے جائیں جہاں اعلیٰ نسل اور زیادہ پیداوار کے حامل مویشی درآمد کر کے ان کی نشوونما کی جائے گی۔
دستاویزات اور اجلاس میں پیش کی گئی بریفنگ کے مطابق، خصوصی فارم ہاؤسز کے لیے مویشیوں کی درآمد کو مکمل طور پر ڈیوٹی فری قرار دیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ فارمز میں نشوونما پانے والے مویشیوں کی برآمد کو یقینی بنانے کے لیے جدید ٹیگنگ کا نظام متعارف کروایا جائے، جبکہ لائیو سٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے اس کی کارپوریٹ طرز پر تنظیم نو کی جائے اور نجی شعبے کے ماہرین کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔
اجلاس کے شرکا کو اعداد و شمار پیش کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پاکستان میں تقریباً 245 ملین مویشی موجود ہیں جن کی مجموعی مالیت تقریباً 5.5 کھرب روپے ہے۔ لائیو سٹاک کا شعبہ قومی معیشت میں 14.97 فیصد اور زرعی معیشت میں 63.6 فیصد حصہ ادا کرتا ہے، جبکہ ملک میں سالانہ تقریباً 74.69 ملین ٹن دودھ اور 6.31 ملین ٹن گوشت پیدا ہوتا ہے۔ ملک کے تقریباً 80 لاکھ دیہی خاندان براہ راست اس شعبے سے وابستہ ہیں، تاہم چھوٹے پیمانے پر مویشی پالنے کا رجحان اور بکھری ہوئی سپلائی چین برآمدی استعداد سے بھرپور استفادے میں بڑی رکاوٹ ہیں۔
حکومتی فیصلوں کے مطابق مالی سال 2025-26 میں گوشت کی برآمدات تقریباً 530 ملین ڈالر تک رہی ہیں جن کا بڑا حصہ متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، کویت اور قطر کو جاتا ہے، جبکہ ملائیشیا، چین اور دیگر ممالک نئی برآمدی منڈیوں کے طور پر نمایاں امکانات رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ملک سے منہ کھر کی بیماری کے خاتمے کے لیے مقررہ اہداف کے ساتھ ایک جامع لائحہ عمل آئندہ 2 ہفتے میں مرتب کر کے پیش کیا جائے، اور ملک بھر کے ذبیحہ خانوں کی بین الاقوامی سرٹیفکیشن اور تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کو یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، احسن اقبال، ڈاکٹر مصدق ملک، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔