نیاز اسٹیڈیم 20 سال کیلئے پی سی بی کے حوالے کرنے کا معاہدہ آج ہوگا
معاہدے کی تقریب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جس کے تحت اسٹیڈیم کا انتظامی کنٹرول پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس منتقل ہوجائے گا
نیاز اسٹیڈیم 20 سال کیلئے پی سی بی کے حوالے کرنے کا معاہدہ آج ہوگا( فلل فوٹو)
حیدرآباد کے تاریخی نیاز اسٹیڈیم کو 20 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیرانتظام دینے کے معاہدے پر آج دستخط کیے جائیں گے۔
معاہدے کی تقریب نیاز اسٹیڈیم میں منعقد ہوگی، جس کے تحت اسٹیڈیم کا انتظامی کنٹرول پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاس منتقل ہوجائے گا، تاہم اس کی ملکیت حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے پاس ہی رہے گی۔
مجوزہ معاہدے کے مطابق اسٹیڈیم کے تمام تجارتی حقوق بھی پی سی بی کو حاصل ہوں گے، جن میں ٹکٹوں کی فروخت، اسپانسرشپ، اشتہارات، نشریاتی حقوق اور پارکنگ سے متعلق امور شامل ہیں۔
مالی شرائط کے تحت پاکستان کرکٹ بورڈ حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کو ماہانہ 10 ہزار روپے کرایہ ادا کرے گا، جو ہر سال کے آغاز پر پیشگی ادا کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹکٹ والے کرکٹ میچز سے حاصل ہونے والی خالص آمدنی میں سے 20 فیصد حصہ کارپوریشن کو دیا جائے گا۔
معاہدے کے تحت پی سی بی نیاز اسٹیڈیم کو بین الاقوامی معیار کے مطابق بہتر بنائے گا۔ اس منصوبے میں پچ اور آؤٹ فیلڈ کی بہتری، فلڈ لائٹس، کھلاڑیوں کے ڈریسنگ رومز، تماشائیوں کے اسٹینڈز، مہمانوں کے خصوصی حصے اور پارکنگ کی سہولیات شامل ہیں۔
اسٹیڈیم کی دیکھ بھال اور انشورنس کی ذمہ داری بھی پاکستان کرکٹ بورڈ کی ہوگی۔ معاہدے کے بعد پی سی بی یہاں بین الاقوامی، فرسٹ کلاس اور پاکستان سپر لیگ کے میچز منعقد کرسکے گا۔
معاہدے کے مطابق پی سی بی حیدرآباد میں اہم کرکٹ مقابلے منعقد کرنے کی مناسب کوشش کرے گا، جبکہ ضرورت پڑنے پر اسٹیڈیم یا اس کے کسی حصے کو کسی فرنچائز یا تیسرے فریق کو ذیلی اجازت نامے کے تحت استعمال کے لیے دیا جاسکے گا۔