عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

فی بیرل قیمت 101.63 ڈالر تک پہنچ گئی۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی بھی 80 سینٹ اضافے کے بعد 90.24 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوا۔

October 7, 2026 · کامرس
عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، سپلائی متاثر ہونے کا خدشہ

عالمی مارکیٹ میں بدھ کے روز خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کی بڑی وجوہات میں خلیجِ میکسیکو میں ممکنہ سمندری طوفان اور مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی شامل ہیں۔

رائٹرز کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں ایک ڈالر سے زائد اضافہ ہوا، جس کے بعد فی بیرل قیمت 101.63 ڈالر تک پہنچ گئی۔ امریکی خام تیل ڈبلیو ٹی آئی بھی 80 سینٹ اضافے کے بعد 90.24 ڈالر فی بیرل پر فروخت ہوا۔

امریکی محکمہ موسمیات کے مطابق خلیجِ میکسیکو میں موجود طوفان آئندہ دو روز کے دوران 2026 کا پہلا اٹلانٹک ہریکین بن سکتا ہے۔ ممکنہ طوفان کے باعث سمندر میں موجود امریکی تیل اور گیس کی تنصیبات متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق طوفان کی ممکنہ گزرگاہ میں آنے والی سمندری تنصیبات امریکا کی مجموعی خام تیل پیداوار کا تقریباً 15 فیصد اور قدرتی گیس کی پیداوار کا 5 فیصد فراہم کرتی ہیں۔

دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال بھی عالمی تیل مارکیٹ کے لیے اہم بنی ہوئی ہے۔ سعودی عرب کی ایسٹ ویسٹ پائپ لائن کے ذریعے تیل کی ترسیل 58 لاکھ بیرل یومیہ تک پہنچ گئی ہے۔

وٹول کے سربراہ کے مطابق گزشتہ 7 سے 10 روز کے دوران مشرقِ وسطیٰ سے تقریباً ایک کروڑ 20 لاکھ بیرل یومیہ خام تیل جبکہ 20 لاکھ بیرل یومیہ ریفائن شدہ مصنوعات ٹینکروں کے ذریعے عالمی منڈیوں تک پہنچائی گئی ہیں۔