محمد عرفان نے پاک بھارت میچ کا دلچسپ قصہ سنا دیا
یوراج سنگھ نے ایک رن لینے کے بعد شعیب ملک سے کہا کہ عرفان کو کہیں ذرا پرسکون ہوجائیں، کیونکہ وہ پہلے ہی ان کی تیز گیندوں سے دباؤ میں ہیں
محمد عرفان نے پاک بھارت میچ کا دلچسپ قصہ سنا دیا
پاکستان کے سابق فاسٹ بولر محمد عرفان نے پاک بھارت میچ کے دوران پیش آنے والا ایک دلچسپ واقعہ سناتے ہوئے بتایا کہ ان کی تیز رفتار گیند بازی سے بھارتی بیٹرز بھی دباؤ محسوس کرتے تھے۔
ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے محمد عرفان نے ماضی کے کرکٹ واقعات یاد کیے۔ انہوں نے بتایا کہ بھارت کے خلاف ایک میچ میں بولنگ کے دوران گیند کرانے کے بعد وہ مڑ کر رن اپ کی طرف جانے لگے تو اس وقت کے کپتان مصباح الحق ان کے پاس آئے۔
محمد عرفان کے مطابق مصباح الحق نے انہیں مشورہ دیا کہ گیند کرانے کے فوراً بعد پیچھے نہ مڑیں بلکہ بیٹر کو دیکھتے ہوئے کچھ دیر وہیں کھڑے رہیں۔
عرفان نے بتایا کہ اگلی گیند پر یوراج سنگھ بیٹنگ کر رہے تھے۔ انہوں نے وائڈ گیند کرائی، لیکن اس کے باوجود آگے بڑھ کر یوراج کو گھور کر دیکھنے لگے۔
سابق فاسٹ بولر کے مطابق یوراج سنگھ نے ایک رن لینے کے بعد شعیب ملک سے کہا کہ عرفان کو کہیں ذرا پرسکون ہوجائیں، کیونکہ وہ پہلے ہی ان کی تیز گیندوں سے دباؤ میں ہیں اور وائڈ گیند کرانے کے بعد بھی انہیں گھور رہے ہیں۔
محمد عرفان نے بتایا کہ بھارتی بیٹرز ان کی رفتار کو سنجیدگی سے لیتے تھے۔ ماضی میں ویرات کوہلی بھی محمد عرفان کی گیند بازی کا ذکر کرتے ہوئے کہہ چکے ہیں کہ ان کی گیند اتنی تیزی سے گزرتی تھی کہ کئی مرتبہ سمجھ ہی نہیں آتا تھا کہ گیند کب نکل گئی۔
ایک موقع پر یوراج سنگھ نے بھی نان اسٹرائیکر اینڈ پر موجود ہوتے ہوئے کہا تھا کہ اسٹرائیک انہیں دے دی جائے۔