کراچی سے یورپ کیلئے براہ راست ہفتہ وار شپنگ سروس بحال
یورپی ممالک کو ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی سامان کی ترسیل مزید بہتر ہوسکے گی۔
کراچی سے یورپ کیلئے براہ راست ہفتہ وار شپنگ سروس بحال
کراچی: کراچی بندرگاہ سے یورپ کے لیے براہ راست ہفتہ وار شپنگ سروس دوبارہ بحال کردی گئی، جس کے بعد پاکستان اور یورپ کی 7 بندرگاہوں کے درمیان براہ راست بحری رابطہ بحال ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری کے مطابق ایم ایس سی نے اپنی پریمیم آئی پاک شپنگ سروس دوبارہ شروع کردی ہے، جس کے تحت کراچی گیٹ وے ٹرمینل سے یورپ کے لیے ہفتہ وار براہ راست بحری رابطہ فراہم کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ براہ راست شپنگ سروس کی بحالی سے ملکی برآمدی صنعت کو سہولت ملے گی اور یورپی ممالک کو ٹیکسٹائل سمیت دیگر برآمدی سامان کی ترسیل مزید بہتر ہوسکے گی۔
انہوں نے کراچی پورٹ ٹرسٹ کے چیئرمین اور کراچی گیٹ وے ٹرمینل لمیٹڈ کی انتظامیہ کی جانب سے سروس کی بحالی کے لیے کی جانے والی کوششوں کو بھی سراہا۔
شپنگ رابطے کی بحالی کو پاکستان کی برآمدی صنعت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے یورپی منڈیوں تک سامان کی ترسیل میں سہولت پیدا ہونے کی توقع ہے۔