حوثی حملوں کے باعث سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن شدید متاثر
متعدد پروازیں منسوخ، 3 افراد جاں بحق، مسافروں کو مشکلات کا سامنا
حوثی حملوں کے بعد سعودی عرب کے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن اور پروازوں کی منسوخی کا منظر
یمن کے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے ابہا اور کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹس پر میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد ریاض اور دیگر شہروں کی پروازیں بڑے پیمانے پر متاثر ہوئی ہیں۔ سعودی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ بیان کے مطابق یہ حملے 6 اور 7 اکتوبر کو کیے گئے، جن کے نتیجے میں دارالحکومت ریاض اور ابہا کے ہوائی اڈوں پر فضائی آپریشن کو کئی گھنٹوں کے لیے معطل کرنا پڑا۔
دستاویزات اور جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ابہا ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں مراکش اور الجزائر کی 2 خواتین جاں بحق ہوئیں جبکہ سعودی، بنگلادیشی اور فلپائنی شہریوں سمیت 28 افراد زخمی ہوئے۔ اسی طرح ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہونے والے حملے میں ایک سوڈانی شہری جاں بحق ہوا جبکہ 5 سعودی، 2 مصری اور 1 پاکستانی شہری سمیت 8 افراد زخمی ہوئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
حملوں اور سکیورٹی خدات کے پیش نظر بین الاقوامی اور مقامی فضائی کمپنیوں نے ریاض کے لیے اپنی پروازیں منسوخ یا مؤخر کر دی ہیں۔ سنگاپور ایئرلائنز نے ریاض کے لیے اپنی نئی پروازیں شروع کرنے کا منصوبہ 28 مارچ تک مؤخر کر دیا ہے، جبکہ فلپائن ایئرلائنز نے بھی دارالحکومت کے لیے پروازیں کم از کم 11 اکتوبر تک معطل رکھی ہیں۔ السعودیہ، مصر ایئر، انڈیگو اور ایئر انڈیا نے بھی درجنوں پروازیں منسوخ کی ہیں۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی اس صورتحال کے اثرات دیکھے جا رہے ہیں۔ لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سمیت ملک بھر کے دیگر ایئرپورٹس سے سعودی عرب اور خلیجی ممالک جانے والی درجنوں پروازیں منسوخ اور تاخیر کا شکار ہو گئی ہیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق لاہور سے جدہ اور ریاض جانے والی 7 سے زائد پروازوں کو سعودی عرب کے متبادل ایئرپورٹس پر اتارا گیا، جبکہ لاہور سے 21 پروازیں منسوخ اور متعدد پروازیں 3 سے 10 گھنٹے تک تاخیر کا شکار ہوئیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملکی و غیر ملکی ایئرلائنز نے مسافروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کرنے سے قبل اپنی پروازوں کے بارے میں تازہ ترین معلومات ضرور حاصل کریں۔