اسلام آباد میں اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ کی درخت سے لٹکی لاش برآمد
جعلی دستاویز کا انکشاف، شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی، پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں
اسلام آباد میں درخت سے طالبہ کی لاش برآمد ہونے کے بعد جائے وقوعہ کا منظر
اسلام آباد کے تھانہ رمنا کی حدود میں بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی ایک طالبہ کی درخت سے لٹکی ہوئی لاش برآمد ہوئی ہے۔ پولیس حکام کے مطابق متوفی طالبہ کی لاش اتوار بازار کے قریب ٹریفک پولیس کی پرانی چوکی کے ساتھ واقع گرین بیلٹ کے ایک درخت سے ملی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ واقعہ خودکشی کا معلوم ہوتا ہے تاہم حتمی حقائق پوسٹ مارٹم رپورٹ کے بعد ہی سامنے آئیں گے۔ پولیس نے لاش کو تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت 20 سالہ لائبہ اعجاز دختر محمد اعجاز کے نام سے ہوئی۔ متوفی طالبہ غیر شادی شدہ تھی اور اسلام آباد کے جی 10 مرکز کے گلستان پلازہ کے فلیٹ نمبر 8 میں رہائش پذیر تھی۔
پولیس حکام کے مطابق ابتدائی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ طالبہ نے امریکا جانے کے لیے ایک ایجنٹ کو 50 لاکھ روپے دیے تھے۔ جعلسازی کا علم ہونے اور جعلی دستاویزات سامنے آنے کے بعد طالبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔ واقعے کے روز وہ دوپہر 2 بجے کے قریب گھر سے بغیر بتائے نکلی تھی، اور اہل خانہ نے موبائل لوکیشن کی مدد سے گرین بیلٹ تک پہنچ کر اس کی لاش تلاش کی۔ پولیس نے جعلساز ایجنٹ کے کردار اور فراڈ کے اس پہلو پر بھی باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔