وزیراعظم کی منظوری کے بعد ملک میں سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کا فیصلہ

عازمین کی سہولت کا اقدام، ڈیجیٹل انداز میں ماہانہ بچت، قواعد دو ماہ میں ہوں گے۔

October 9, 2026 · اہم خبریں
وزیراعظم کی منظوری سے متعارف کرائے جانے والے سود سے پاک حج سیونگ پلان کا لوگو اور منظر

وزیراعظم کی منظوری سے متعارف کرائے جانے والے سود سے پاک حج سیونگ پلان کا لوگو اور منظر

اسلام آباد (نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستانی عازمین حج کی سہولت اور اس مقدس سفر کی قبل از وقت منصوبہ بندی کے لیے وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، وزارت خزانہ اور قومی بچت کی جانب سے پیش کردہ مشترکہ سمری کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس منظوری کے بعد ملک بھر کے عازمین حج کے لیے سود سے پاک حج سیونگ پلان متعارف کرانے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔

دستاویز کے مطابق وزارت مذہبی امور کے وفاقی سیکریٹری ابرار احمد مرزا کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وزارت خزانہ، مرکزی قومی بچت اور حج ونگ کے نمائندہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس نئے نظام کے تحت عازمین حج کو مقدس سفر کی تیاری کے لیے آسان اور باقاعدہ بچت کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ مجوزہ نظام کے ذریعے عازمین ڈیجیٹل ذرائع سے ماہانہ بنیاد پر رقم جمع کرا سکیں گے، جبکہ اس میں بچت کی مدت کے انتخاب، فنڈز کی فیملی ٹرانسفر اور کسی بھی وقت بلا کٹوتی رقم کی واپسی جیسی سہولیات بھی شامل ہوں گی۔

سیکریٹری مذہبی امور نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حج سیونگ پلان کا بنیادی مقصد عازمین کو سفر حج کے اخراجات کے لیے بروقت اور منظم مالی منصوبہ بندی کا موقع فراہم کرنا، بڑھتی ہوئی مہنگائی کا مقابلہ کرنا اور اس مبارک سفر کی تیاری کو مزید آسان بنانا ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ منظور شدہ سمری کے مطابق اس کے قواعد و ضوابط 2 ماہ کے اندر اندر تیار کیے جائیں۔

دستاویز کے مطابق تیار کیے جانے والے ان قواعد میں حج سیونگ فنڈ کے ساتھ ساتھ عمرہ سیونگ اسکیم اور دیگر مذہبی زیارات کے لیے بھی سیونگ اسکیم کی گنجائش رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر وزارت مذہبی امور، وزارت خزانہ اور مرکزی قومی بچت کے باہمی اشتراک سے تیار کیا جانے والا یہ ڈیجیٹل نظام حج کی مالی منصوبہ بندی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جو حکومتی وژن کے عین مطابق حج انتظامات کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کرنے کی ایک کڑی ہے۔ منصوبے کے حتمی طریقہ کار، اہلیت، مدت اور دیگر ڈیجیٹل سہولیات کی تفصیلات مناسب وقت پر عوام کے سامنے جاری کی جائیں گی۔