پورٹ قاسم پر بھارتی عملے کی دستاویزات میں بے ضابطگیاں، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد
امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی، شپنگ کمپنی کو شوکاز نوٹس جاری، غیر تسلی بخش جواب پر کارروائی
پورٹ قاسم پر بھارتی عملے کی دستاویزات میں بے ضابطگیاں، 10 لاکھ روپے جرمانہ عائد
کراچی کے پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہونے والے ایک کنٹینر جہاز پر تعینات بھارتی عملے کی سفری دستاویزات میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آنے پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سخت قانونی کارروائی کرتے ہوئے متعلقہ شپنگ کمپنی پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا ہے۔
ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن کراچی نے کنٹینر شپ AGAMEMNON 8 پر مامور عملے کے دو بھارتی ارکان کے سی مین سے متعلق کاغذات کی جانچ پڑتال کی۔ اس کارروائی کے دوران انکشاف ہوا کہ دونوں بھارتی شہریوں کے پاس نہ تو قومی سی مین بک موجود تھی اور نہ ہی متعلقہ فلیگ اسٹیٹ کی درست سی مین بک ان کے پاس پائی گئی۔
دستاویز کے مطابق ضابطے کی کارروائی کے دوران جن بھارتی شہریوں کی شناخت آتھلنگم کارتھیکیان اور ولیکّیٹل بابو سِزلے کے ناموں سے ہوئی، ان کے پیش کردہ سی ڈی سی کاغذات بھی مقررہ قانونی تقاضوں پر پورا نہیں اترتے تھے۔ دونوں افراد کے پاس بالترتیب بیلیز اور سینٹ کٹس اینڈ نیوس کے جاری کردہ سی ڈی سی دستاویزات تھے، جنہیں ضابطے کے مطابق غیر تسلی بخش اور ناقص قرار دیا گیا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ایف آئی اے امیگریشن نے اس سنگین خلاف ورزی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ شپنگ کمپنی ایم ایس سی پاکستان کو شوکاز نوٹس جاری کیا اور اس حوالے سے باضابطہ وضاحت طلب کی۔ تاہم، شپنگ کمپنی کی جانب سے پیش کیا گیا جواب تسلی بخش ثابت نہیں ہو سکا۔
کمپنی کا موقف مسترد کیے جانے کے بعد ایف آئی اے نے ضابطے کے تحت دونوں بھارتی عملے کے ارکان کے حوالے سے فی کس 5 لاکھ روپے یعنی مجموعی طور پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کر دیا۔ ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاکستانی بندرگاہوں پر غیر ملکی عملے کی امیگریشن اور سمندری دستاویزات کی جانچ پڑتال کے عمل میں کسی بھی قسم کی غفلت یا قواعد کی خلاف ورزی قطعی برداشت نہیں کی جائے گی۔