ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے تینوں رہنما گرفتار کے بعد جیل منتقل
اہم کارروائی، پشاور ہائیکورٹ کے باہر سے گرفتاری، تھری ایم پی او کے احکامات لاگو
ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں پی ٹی آئی کے تینوں رہنما گرفتار کے بعد جیل منتقل
پشاور ہائیکورٹ کے مرکزی گیٹ سے گزشتہ روز حراست میں لیے جانے والے پاکستان تحریک انصاف (PTI) کے رہنماؤں تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کو قانونی کارروائی کے بعد آج جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق تینوں رہنماؤں کو تھری ایم پی او (3 MPO) کے تحت حراست میں لیا گیا ہے اور اس حوالے سے تمام ضابطے پورے کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق انسداد دہشتگردی عدالت نے ریڈیو پاکستان حملہ کیس میں مذکورہ رہنماؤں کی درخواست ضمانت خارج کر دی تھی، جس کے بعد پولیس نے ان کی گرفتاری کے لیے حکمت عملی بنائی۔ اس موقع پر انصاف لائرز فورم کے وکلاء نے پولیس کو ملزمان کی گرفتاری سے روکنے کی کوشش کی اور پی ٹی آئی رہنما پشاور ہائیکورٹ کے بار روم میں پناہ لیے رہے، جہاں وہ عبوری ضمانت کے سلسلے میں موجود تھے۔
گرفتاری سے قبل ایس ایس پی آپریشنز فرحان خان بھاری پولیس نفری کے ہمراہ ہائیکورٹ کے بار روم میں آئے اور رہنماؤں کو گرفتاری دینے پر آمادہ کیا۔ اس دوران میڈیا کے سوال پر ایس ایس پی آپریشنز نے تصدیق کی کہ پولیس کے پاس باضابطہ تھری ایم پی او کے آرڈر موجود ہیں۔ مذاکرات اور آمادگی کے بعد تینوں رہنماؤں کو حراست میں لے کر نامزد جیل منتقل کر دیا گیا۔
دریں اثناء، چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے واقعے پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ تیمور جھگڑا، کامران بنگش اور عرفان سلیم کی گرفتاری کا معاملہ ڈپٹی کمشنر کے سامنے سختی سے اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آئینی عدالت نے ہائیکورٹ کو ایم پی او کیسز میں دائرہ اختیار استعمال کرنے سے روک دیا ہے جس کے قانونی پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔