ایم کیو ایم پاکستان کا دسمبر میں نئے صوبوں پر ملک گیر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ

آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے تاکہ عوام خود فیصلہ کر سکیں کہ ملک میں مزید صوبوں کی ضرورت ہے یا نہیں۔

November 18, 2026 · قومی
ایم کیو ایم پاکستان کا دسمبر میں نئے صوبوں پر ملک گیر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ

ایم کیو ایم پاکستان کا دسمبر میں نئے صوبوں پر ملک گیر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے ملک میں نئے صوبوں یا انتظامی یونٹس کے قیام کے حوالے سے عوامی رائے جاننے کے لیے دسمبر 2026 میں ملک گیر ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔

کراچی میں پارٹی کے بہادرآباد مرکز پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر رہنما اور رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ آئین کے آرٹیکل 48 کی شق 6 کے تحت ریفرنڈم کرایا جانا چاہیے تاکہ عوام خود فیصلہ کر سکیں کہ ملک میں مزید صوبوں کی ضرورت ہے یا نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا قیام سیاسی تنازع بنانے کے بجائے عوامی رائے سے طے ہونا چاہیے۔ سیاسی رہنماؤں کو یہ فیصلہ کرنے کا اختیار نہیں کہ عوام کیا چاہتے ہیں، بلکہ شہریوں کو ریفرنڈم کے ذریعے اپنی رائے دینے کا آئینی حق ملنا چاہیے۔

ڈاکٹر فاروق ستار نے مطالبہ کیا کہ آئین کے آرٹیکل 140 اے کے تحت اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کے اصول کو واضح کیا جائے اور اسے مجوزہ 28ویں آئینی ترمیم میں شامل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریفرنڈم کے مبینہ غلط استعمال کو بنیاد بنا کر عوام سے اپنی رائے کے اظہار کا حق نہیں چھینا جا سکتا۔

سندھ کی تقسیم اور خونریزی سے متعلق بیان پر ردعمل

دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے اس خدشے پر ردعمل دیا ہے کہ سندھ کو زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی تو شہری علاقوں میں خونریزی ہو سکتی ہے۔

ایم کیو ایم کے ترجمان نے سوال اٹھایا کہ اگر ملک بھر میں نئے صوبے بنائے جائیں تو خونریزی کا خدشہ صرف کراچی اور سندھ کے شہری علاقوں تک کیوں محدود ہوگا؟

ترجمان کے مطابق نئے صوبوں کا قیام آئینی معاملہ ہے اور سندھ سمیت ملک کے مختلف شہری علاقوں میں عوام نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہیں۔

پانچ ہزار سے زائد سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کی بے دخلی کی مخالفت

پریس کانفرنس کے دوران ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی میں پانچ ہزار سے زائد وفاقی سرکاری کوارٹرز کے مکینوں کو بے دخل کرنے کے خدشے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ہزاروں خاندان بے گھر ہو سکتے ہیں اور ایم کیو ایم متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

انہوں نے کہا کہ جہانگیر روڈ، مارٹن کوارٹرز، کلیٹن کوارٹرز، جمشید کوارٹرز، پاکستان کوارٹرز اور ایف سی ایریا میں آباد خاندانوں نے کئی دہائیوں تک سرکاری ملازمین کی حیثیت سے ملک کی خدمت کی ہے۔ ان کے مطابق ان خاندانوں کو بے دخل کرنے کے بجائے مالکانہ حقوق دیے جانے چاہییں یا اسی علاقے میں متبادل رہائش فراہم کی جانی چاہیے۔

فاروق ستار نے دعویٰ کیا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے 1972 میں متبادل رہائش فراہم کیے بغیر مکینوں کو بے دخل نہ کرنے کی ہدایت دی تھی، جبکہ جنرل ضیاء الحق نے 1979 میں اس فیصلے کی توثیق کی۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ نے بھی 1984 میں مکینوں کے تحفظ سے متعلق فیصلہ دیا تھا۔

انہوں نے 2018 میں بے دخلی کی کوشش کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم نے اس وقت بھی مکینوں کے حق میں احتجاج کیا تھا۔ ان کے مطابق سپریم کورٹ نے 9 جنوری 2019 کو بے دخلی کا حکم واپس لیتے ہوئے معاملہ منتخب نمائندوں، گورنر سندھ اور مقامی فریقین کی مشاورت سے حل کرنے کی ہدایت کی تھی۔

اسٹیٹ آفس کو گھیراؤ کرنے کی وارننگ

ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی اسٹیٹ آفس کے بعض حکام پر پالیسی کے برخلاف اقدامات کرنے اور ریٹائرڈ ملازمین کی پنشن و واجبات سے لازمی کٹوتیوں کے الزامات بھی عائد کیے۔ انہوں نے یہ الزام بھی لگایا کہ بعض خالی گھروں پر قبضے کرکے غیر قانونی عمارتیں تعمیر اور فروخت کی جا رہی ہیں۔

انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر ہاؤسنگ سے معاملے کا نوٹس لینے اور مبینہ بے ضابطگیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ فاروق ستار نے خبردار کیا کہ بے دخلی کے نوٹسز کا سلسلہ نہ رکا تو ایم کیو ایم اسٹیٹ آفس کا گھیراؤ کرے گی۔