پنجاب کے سرکاری اساتذہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ اور پابندیاں عائد

محکمہ سکول ایجوکیشن کا فیصلہ، نئے ضوابط جاری، فوری عمل درآمد کی ہدایت۔

November 18, 2026 · قومی
پنجاب کے سرکاری اساتذہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ اور پابندیاں عائد

پنجاب کے سرکاری اساتذہ کے لیے نیا ڈریس کوڈ اور پابندیاں عائد

لاہور (خصوصی رپورٹ) محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے کے تمام سرکاری اسکولوں کے اساتذہ کے لیے ایک نیا ڈریس کوڈ جاری کر دیا ہے جس کا مقصد تعلیمی اداروں میں پیشہ ورانہ ماحول اور نظم و ضبط کو بہتر بنانا ہے۔

نئے ضوابط کے مطابق اساتذہ کو اسکولوں میں شارٹس پہننے اور انڈور مقامات پر سن گلاسز کے استعمال کی اجازت نہیں ہوگی۔ محکمہ اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ ہدایات میں مرد اساتذہ کو ویسٹ کوٹ یا فارمل پینٹ شرٹ پہننے کا پابند کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ تمام مرد اساتذہ کے لیے بند جوتے پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے، تاہم جرابوں کے ساتھ سینڈل پہننے کی اجازت دی گئی ہے۔

دوسری جانب خواتین اساتذہ کے لیے ہیل والی جوتیاں پہننے پر مکمل پابندی عائد کی گئی ہے۔ نئے ضوابط کے تحت خواتین اساتذہ کو بغیر بازوؤں والے اور شفاف لباس پہننے کی بھی اجازت نہیں ہوگی۔ خواتین اساتذہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فارمل لباس کے ساتھ لازمی طور پر دوپٹہ یا اسکارف استعمال کریں، جبکہ حجاب اور عبایا پہننے کی اجازت بدستور برقرار رکھی گئی ہے۔

محکمہ اسکول ایجوکیشن نے صوبے بھر کے تمام سرکاری اسکولوں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ ان نئے احکامات پر فوری عمل درآمد یقینی بنائیں تاکہ تعلیمی اداروں میں اساتذہ کا حلیہ پیشہ ورانہ وقار کے مطابق ہو۔