پنجاب میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل تیز، 19 مدارس کو سرٹیفکیٹس جاری
خصوصی ڈیسک کا قیام، درخواست کے 7 دن کے اندر کارروائی، آن لائن پورٹل پر عمل جاری۔
پنجاب میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل تیز، 19 مدارس کو سرٹیفکیٹس جاری
محکمہ داخلہ پنجاب کے چیریٹیز کمیشن میں دینی مدارس کی رجسٹریشن کا عمل انتہائی تیز رفتاری سے جاری ہے، جہاں مدارس کی راہنمائی اور سہولت کے لیے ایک خصوصی مدارس رجسٹریشن ڈیسک قائم کی گئی ہے۔ حکومتی دستاویزات اور جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مدارس کی یہ رجسٹریشن پنجاب چیریٹیز کمیشن کے آن لائن پورٹل کے ذریعے انتہائی آسان اور تیز ترین انداز میں کی جا رہی ہے۔
محکمہ داخلہ کے ترجمان نے تفصیلات جاری کرتے ہوئے بتایا کہ رجسٹریشن کا عمل درخواست جمع کرانے کے صرف 7 دن کے اندر شفاف طریقے سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ریلیجئس ایجوکیشن یا سوسائٹیز رجسٹریشن ایکٹ کے تحت رجسٹرڈ تمام دینی مدارس اس عمل میں شامل ہیں۔ اس رجسٹریشن کی بدولت مدارس کو چیریٹی سے متعلق تمام قانونی و انتظامی تقاضوں کو پورا کرنے میں مدد ملے گی جبکہ وہ اپنے نام پر بآسانی بینک اکاؤنٹس بھی کھول سکیں گے۔ اس اقدام سے عطیہ دینے والوں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور مالیاتی امور میں شفافیت کو یقینی بنایا جائے گا۔
موصولہ اعدادوشمار کے مطابق اب تک 68 دینی مدارس نے آن لائن پورٹل پر سائن اَپ مکمل کر لیا ہے جبکہ 24 دینی مدارس نے رجسٹریشن کے لیے اپنا تمام مطلوبہ ڈیٹا جمع کروا دیا ہے۔ اس ضمن میں پنجاب چیریٹیز کمیشن نے کارروائی کرتے ہوئے 19 دینی مدارس کو باضابطہ طور پر رجسٹریشن سرٹیفکیٹس جاری کر دیے ہیں۔ حکومتِ پنجاب کی خصوصی ہدایت پر کمیشن کی جانب سے مدارس سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے، جس کے تحت ٹیلی فون کالز کے ذریعے 2,756 دینی مدارس تک رسائی حاصل کی گئی ہے جبکہ ایس ایم ایس کے ذریعے 1,646 مدارس سے رابطہ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دینی مدارس کی انتظامیہ کے ساتھ بالمشافہ رابطے کے لیے 31 اہم اجلاس اور دورے بھی کیے گئے ہیں۔
جن دینی مدارس کی رجسٹریشن کامیابی کے ساتھ مکمل کر لی گئی ہے ان میں دارالعلوم جامعہ نعیمیہ، دارالعلوم محمدیہ غوثیہ بھیرہ شریف، جامعہ الرشید لاہور کیمپس، رابطۃ المدارس الاسلامیہ پاکستان، جامعہ علوم الشریعہ، معہد الفاروق الاسلامی، مدرسہ جامعہ ضیاء العلوم، دارالعلوم جامعہ حنفیہ غوثیہ، مدرسہ نور الاسلام رحیمیہ، جامعہ عربیہ اسلامیہ، اور مدرسہ صوفی ای باصفا نعیمیہ سمیت دیگر ادارے شامل ہیں۔ محکمہ داخلہ نے پنجاب بھر کے تمام دینی مدارس پر زور دیا ہے کہ وہ فوری طور پر چیریٹیز کمیشن کے آن لائن پورٹل کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کا عمل مکمل کریں۔