کے الیکٹرک کی جانب سے مستثنیٰ علاقوں میں بھی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کا آغاز
شہر کا بجلی نظام اوورلوڈ، ایل این جی کی کمی کا سامنا، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا۔
کراچی میں بجلی کی غیر اعلانیہ بندش کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
کراچی کے شہریوں کو ایک بار پھر شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے کیونکہ شہر کے مختلف علاقوں میں غیراعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ کے الیکٹرک کے بجلی کا نظام اوورلوڈ ہونے کے باعث متعدد گرڈ اسٹیشنز کے فیڈرز بند کر دیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں معمول کی زندگی شدید متاثر ہوئی ہے۔
ترجمان کے الیکٹرک کے مطابق، ایل این جی کی کمی کے باعث بجلی کی پیداوار میں کمی کا سامنا ہے، جس کی وجہ سے مجبوری کے تحت نئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس صورتحال کے پیش نظر کے الیکٹرک نے لوڈ مینجمنٹ کے نام پر ان علاقوں میں بھی بجلی کی بندش شروع کر دی ہے جو اب تک اس سے مستثنیٰ قرار دیے گئے تھے۔ مستثنیٰ علاقوں میں مرحلہ وار 1 گھنٹے کی لوڈشیڈنگ کا اعلان کیا گیا ہے، تاہم کئی مقامات پر بجلی 2 گھنٹے تک غائب رہی ہے۔
صدر، کلفٹن، ڈی ایچ اے اور کورنگی سمیت شہر کے کئی اہم مقامات پر بجلی کی فراہمی معطل ہے۔ اس کے علاوہ اورنگی ٹاؤن، لیاقت آباد، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد، ملیر، لانڈھی، سائٹ، بلدیہ، ماری پور، گلشن اقبال، گلستان جوہر، گلشن حدید اور اسکیم 33 کے مکین بھی اس صورتحال سے بری طرح متاثر ہوئے ہیں۔ اولڈ سٹی ایریا، رزاق آباد، لائنز ایریا، سرجانی، قائدآباد، ہاکس بے، موسیٰ کالونی، حب اور مچھر کالونی میں بھی رات گئے تک بجلی غائب رہی، جس سے شہریوں میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔