کراچی کے علاقے ملیر بکرا پیڑی میں دیوار گرنے سے دو بچوں سمیت 3 افراد جاں بحق
افسوسناک حادثہ، دو سگے بھائی بھی شامل، تحقیقات شروع
ملیر بکرا پیڑی میں دیوار گرنے کا مقام اور ریسکیو سرگرمیاں
کراچی کے علاقے ملیر سٹی میں بکرا پیڑی داؤد غازی گوٹھ کے قریب یونین کمیٹی کے دفتر کی بوسیدہ دیوار اچانک زمین بوس ہونے کے نتیجے میں دو کم عمر سگے بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس اور ریسکیو حکام کے مطابق یہ حادثہ یو سی دفتر کی بیرونی دیوار گرنے سے پیش آیا جس کی زد میں آ کر راہگیر اور قریبی افراد ملبے تلے دب گئے۔
پولیس اور ریسکیو کا عملہ فوری طور پر موقع پر پہنچ گیا اور علاقہ مکینوں کی مدد سے امدادی کارروائیاں شروع کرتے ہوئے لاشوں اور زخمیوں کو جناح اسپتال منتقل کیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق حادثے میں جاں بحق ہونے والے دو سگے بھائیوں کی شناخت 12 سالہ ابراج اور 6 سالہ ابیان ولد عمران کے نام سے ہوئی ہے جبکہ تیسرے جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 25 سالہ فائز عباس ولد محمد علی کے طور پر کی گئی ہے۔
ابتدائی اطلاعات اور پولیس رپورٹ کے مطابق سرکاری عمارت کی اس دیوار کے ساتھ پودوں کی نرسری اور کیاری بنی ہوئی تھی جہاں مسلسل پانی دینے کی وجہ سے دیوار کی بنیادیں کمزور ہو چکی تھیں اور پانی کے رسائو کے باعث دیوار کا کئی فٹ طویل حصہ اچانک راہگیروں پر آ گرا۔ واقعے میں جاں بحق ہونے والے فائز عباس کے دوست نے بتایا کہ حادثے سے چند لمحے قبل وہ فون پر مصروف تھا جبکہ متوفی کی کچھ عرصے بعد شادی طے تھی اور وہ علاقے میں ڈیکوریشن کی دکان پر کام کرتا تھا۔
بچوں کے چچا نے جناح اسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ دونوں بچے نانی کے گھر جانے کے لیے نکلے تھے اور دیوار کے قریب سے گزر رہے تھے کہ یہ ناگہانی حادثہ پیش آیا۔ چھوٹے بچے نے گھر آ کر حادثے کی اطلاع دی جس پر اہلِ خانہ اور محلے کے لوگ فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی تمام زاویوں سے مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔