پی آئی اے کے بیڑے میں جدید ترین بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے شامل
اہم پیش رفت، دو جدید طیاروں کا حصول، برطانیہ اور یورپ کے لیے پروازیں شروع ہوں گی۔
پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہونے والے جدید ترین بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے کی فائل فوٹو
قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کے بیڑے میں جدید ترین بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیاروں کا اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق پی آئی اے اور نورس اٹلانٹک کے درمیان دو بوئنگ ڈریم لائنر طیاروں کے حصول کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ ان جدید طیاروں کا حصول پی آئی اے کی نئی انتظامیہ کے مسافروں کو اعلیٰ ترین اور جدید سہولیات فراہم کرنے کے عزم کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ تاریخ میں پہلی مرتبہ بوئنگ 787 ڈریم لائنر طیارے پاکستانی ایوی ایشن انڈسٹری کا حصہ بن رہے ہیں۔
دستاویزات اور ترجمان کے بیان کے مطابق یہ جدید ترین انٹرٹینمنٹ سسٹم اور بہترین کیبن کی سہولیات سے لیس طیارے نومبر 2026 کے آغاز سے برطانیہ اور یورپ کے روٹس پر باقاعدہ آپریٹ کریں گے۔ اس اقدام کے ذریعے برطانیہ اور یورپ کے لیے فضائی آپریشن میں نمایاں اضافہ کیا جائے گا، جبکہ نئی انتظامیہ بین الاقوامی پروازوں کے نیٹ ورک کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے مسلسل اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔