کیمپ چھوڑنا مہنگا پڑ گیا،پرتگال میں رونالڈو کے خلاف کارروائی شرو ع

رونالڈو اور کوچ جارج جیسز کے درمیان کھیلنے کے وقت کو لے کر اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد اسٹار فٹبالر نے ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا۔

October 10, 2026 · اسپورٹس
کیمپ چھوڑنا مہنگا پڑ گیا،پرتگال میں رونالڈو کے خلاف کارروائی شرو ع

کیمپ چھوڑنا مہنگا پڑ گیا،پرتگال میں رونالڈو کے خلاف کارروائی شرو ع

پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو کو قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ چھوڑنے کے معاملے پر پابندی کا سامنا ہے۔

رپورٹس کے مطابق پرتگالی فٹبال فیڈریشن نے ضابطوں کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف کارروائی شروع کر دی ہے۔

اطلاعات کے مطابق رونالڈو اور کوچ جارج جیسز کے درمیان کھیلنے کے وقت کو لے کر اختلافات پیدا ہوئے، جس کے بعد اسٹار فٹبالر نے ٹیم کا کیمپ چھوڑ دیا۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ قواعد کے تحت رونالڈو پر ایک سے چھ ماہ تک پابندی عائد ہو سکتی ہے، تاہم حتمی فیصلہ تادیبی کونسل کرے گی۔

اگر پابندی ایک ماہ سے زیادہ برقرار رہی تو رونالڈو اگلے ماہ ڈنمارک اور ویلز کے خلاف نیشنز لیگ کے مقابلوں میں شرکت سے محروم ہو سکتے ہیں۔ تاہم ای ایس پی این کے مطابق مختصر پابندی عائد کیے جانے کا امکان زیادہ ہے۔

رونالڈو نے اپنے بیان میں قومی ٹیم کے ساتھی کھلاڑیوں اور پرتگال کے عوام سے معذرت کرتے ہوئے تسلیم کیا کہ تربیتی کیمپ چھوڑنا ان کی غلطی تھی۔

ان کا کہنا تھا کہ کوچ کی جانب سے وعدے سے انحراف پر انہیں مایوسی ہوئی، تاہم وہ اس بات کو تسلیم کرتے ہیں کہ ان کے اقدام کے نتائج سامنے آنے چاہییں اور قوانین کا اطلاق سب پر یکساں ہونا چاہیے۔

دوسری جانب کوچ جارج جیسز نے کہا کہ انہوں نے رونالڈو کا بیان پڑھ لیا ہے اور اب ان کی توجہ ٹیم کے معاملات پر مرکوز ہے۔

کرسٹیانو رونالڈو پرتگال کی قومی ٹیم کی جانب سے اب تک 234 میچ کھیل کر ریکارڈ 146 گول کر چکے ہیں۔