آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، معاذ صداقت اور سلمان مرزا کی نمایاں ترقی
بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ایشان کشن پہلے اور ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان تیسرے نمبر پر ہیں۔
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، معاذ صداقت اور سلمان مرزا کی نمایاں ترقی
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں پاکستانی نوجوان بیٹر معاذ صداقت اور فاسٹ بولر سلمان مرزا نے نمایاں بہتری حاصل کی ہے۔
بیٹرز کی فہرست میں بھارت کے ایشان کشن پہلے اور ابھیشیک شرما دوسرے نمبر پر موجود ہیں، جبکہ پاکستان کے کپتان صاحبزادہ فرحان تیسرے نمبر پر ہیں۔
پاکستان کے نوجوان بیٹر معاذ صداقت نے 187 درجے ترقی کرتے ہوئے 45ویں پوزیشن حاصل کرلی۔ دوسری جانب صائم ایوب چار درجے نیچے آکر 42ویں نمبر پر پہنچ گئے، جبکہ حسن نواز بھی تین درجے تنزلی کے بعد 52ویں پوزیشن پر آگئے۔
بولرز کی درجہ بندی میں افغانستان کے راشد خان پہلے نمبر پر برقرار ہیں۔ آسٹریلیا کے ایڈم زمپا اور انگلینڈ کے عادل رشید ایک، ایک درجہ ترقی کے بعد بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر آگئے۔
پاکستان کے سلمان مرزا نے بولرز کی فہرست میں نو درجے بہتری حاصل کرتے ہوئے 14ویں پوزیشن سنبھال لی۔ صائم ایوب آٹھ درجے ترقی کے بعد 54ویں نمبر پر آگئے، جبکہ سفیان مقیم تین درجے تنزلی کے بعد 53ویں پوزیشن پر چلے گئے۔
ٹی ٹوئنٹی آل راؤنڈرز کی فہرست میں زمبابوے کے سکندر رضا پہلے اور پاکستان کے صائم ایوب دوسرے نمبر پر ہیں۔ ویسٹ انڈیز کے روسٹن چیز دو درجے ترقی کے بعد تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔