جدہ ایئرپورٹ 45 منٹ بعد کھل گیا، پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت
عارضی بندش کے دوران مختلف شہروں سے جدہ پہنچنے والے طیارے لینڈنگ کی کلیئرنس کے منتظر رہے
جدہ ایئرپورٹ 45 منٹ بعد کھل گیا، پروازوں کو لینڈنگ کی اجازت
سعودی عرب کے جدہ ایئرپورٹ پر اچانک پروازوں کی آمدورفت روک دی گئی، جس کے باعث مختلف ممالک سے آنے والے متعدد طیاروں کو فضا میں چکر لگانا پڑے۔ تقریباً 45 منٹ بعد فلائٹ آپریشن بحال ہونے پر لینڈنگ کی منتظر 30 پروازوں کو اترنے کی اجازت دے دی گئی۔
فلائٹ ڈیٹا کے مطابق عارضی بندش کے دوران مختلف شہروں سے جدہ پہنچنے والے طیارے لینڈنگ کی کلیئرنس کے منتظر رہے۔ ایئرپورٹ پر آپریشن دوبارہ شروع ہونے کے بعد طیاروں کو لینڈنگ کی اجازت ملنا شروع ہوگئی۔
پروازوں کی آمدورفت معطل ہونے سے دوحہ، بحرین، کوالالمپور، القسیم، دبئی، روم، قاہرہ، استنبول، تبوک، ایمسٹرڈیم اور میونخ سمیت مختلف شہروں سے آنے والی پروازیں متاثر ہوئیں۔
اسی طرح کراچی، لاہور، دہلی، ڈھاکا، جکارتہ، مالے، دمام، فرینکفرٹ، الجزائر، سکاکا اور خرطوم سے آنے والے طیارے بھی لینڈنگ کی اجازت ملنے تک فضا میں چکر لگاتے رہے۔
تقریباً 45 منٹ کی بندش کے بعد فلائٹ آپریشن بحال ہونے سے متاثرہ پروازوں کو مرحلہ وار لینڈنگ کی کلیئرنس دی گئی۔
فراہم کردہ فلائٹ ڈیٹا میں جدہ ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمدورفت اچانک معطل کیے جانے کی وجہ سامنے نہیں آسکی۔