ایل او سی کے دور افتادہ علاقے میں پاک فوج اور محکمہ صحت آزاد کشمیر کا مفت طبی کیمپ
میڈیکل، سرجری، بچوں کے امراض، جلد، امراضِ نسواں، ناک، کان و گلا، امراضِ چشم، ریڈیالوجی اور دندان سازی شامل تھے۔
ایل او سی کے دور افتادہ علاقے میں پاک فوج اور محکمہ صحت آزاد کشمیر کا مفت طبی کیمپ
مظفرآباد: پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کے اشتراک سے لائن آف کنٹرول کے قریب ایک دور افتادہ علاقے میں ایک روزہ مفت طبی کیمپ لگایا گیا، جہاں سیکڑوں مریضوں کا طبی معائنہ کیا گیا اور مستحق افراد کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔
دیہی مرکزِ صحت میں منعقدہ اس کیمپ میں پاک فوج اور محکمہ صحت کے ماہر ڈاکٹروں نے خدمات انجام دیں۔ مریضوں کو مختلف شعبوں میں طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جن میں میڈیکل، سرجری، بچوں کے امراض، جلد، امراضِ نسواں، ناک، کان و گلا، امراضِ چشم، ریڈیالوجی اور دندان سازی شامل تھے۔
کیمپ کے دوران مریضوں کا معائنہ کرنے کے ساتھ ضروری علاج اور ادویات بھی فراہم کی گئیں، تاکہ دور دراز علاقوں میں رہنے والے افراد کو صحت کی بنیادی سہولیات ان کی دہلیز کے قریب میسر آ سکیں۔
طبی سہولیات سے مستفید ہونے والے شہریوں نے کیمپ کے انعقاد پر اظہارِ تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ اور دور افتادہ علاقوں میں اس نوعیت کی سرگرمیاں صحت کے مسائل کے حل میں مددگار ثابت ہوتی ہیں۔
علاقہ مکینوں نے پاک فوج اور محکمہ صحت عامہ آزاد کشمیر کی مشترکہ کوششوں کو سراہا اور ایسے طبی کیمپوں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔