پشاور اسکول سانحہ، مقدمے میں نامزد افراد کی تعداد 4 ہوگئی
نامزد ملزمان اسکول مالک کے کاروباری شراکت دار تھے، تاہم وہ اپنے گھروں سے غائب ہیں۔حکام
پشاور اسکول سانحہ، مقدمے میں نامزد افراد کی تعداد 4 ہوگئی
پشاور کے دیر کالونی اسکول سانحے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں مقدمے میں نامزد افراد کی تعداد چار ہوگئی ہے۔ پولیس نے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔
تفتیشی ٹیم کے مطابق اسکول کے مالک کے ساتھ مزید تین افراد کو بھی مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے، جبکہ ان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان اسکول مالک کے کاروباری شراکت دار تھے، تاہم وہ اپنے گھروں سے غائب ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق مقدمے میں فی الحال دہشت گردی کی دفعات شامل نہیں کی گئیں۔ نامزد افراد کی گرفتاری اور ان کے بیانات قلم بند کرنے کے بعد تحقیقات کو آگے بڑھایا جائے گا۔
واضح رہے کہ پشاور کے دیر کالونی اسکول میں پیش آنے والے سانحے میں اساتذہ سمیت 35 بچے جاں بحق ہوئے تھے۔ واقعے کے بعد ذمہ داران کا تعین کرنے اور حفاظتی انتظامات سے متعلق پہلوؤں کی تحقیقات جاری ہیں۔