پنجاب میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغازکردیا ہے، عظمیٰ بخاری

نوجوانوں کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور عملی مہارتوں سے جڑا ہے، نہ کہ دھرنوں، لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست سے۔

October 18, 2026 · قومی
پنجاب میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغازکردیا ہے، عظمیٰ بخاری

پنجاب میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغازکردیا ہے، عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے صوبے میں لیپ ٹاپ اور اسکالرشپ اسکیم کے دوسرے مرحلے کا آغاز کردیا ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کا مستقبل جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور عملی مہارتوں سے جڑا ہے، نہ کہ دھرنوں، لانگ مارچ اور احتجاجی سیاست سے۔

عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ مریم نواز پنجاب کے طلبہ و طالبات کی تعلیمی اور سماجی ضروریات کو اہمیت دے رہی ہیں اور نوجوانوں کے لیے مختلف اقدامات کررہی ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعلیٰ کی کارکردگی اور مقبولیت سے پریشان حلقے ان پر ذاتی تنقید کرتے ہیں۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ مریم نواز نے عملی اقدامات کے ذریعے اپنی کارکردگی کا اظہار کیا ہے، جسے عالمی سطح پر بھی سراہا جارہا ہے۔

عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال اور ایمرجنسی کے خدشات کی ذمہ دار پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ہے۔ ان کا الزام تھا کہ قومی مفاد اور صوبے کے امن کو ترجیح دینے کے بجائے دہشت گردی کے معاملے پر غلط طرزِ عمل اختیار کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی ادارے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلسل قربانیاں دے رہے ہیں۔ ایسے حالات میں سیکیورٹی اداروں کے خلاف بیانات سے ان کے حوصلے متاثر ہوسکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ کھڑی ہے۔