پٹرولیم لیوی کے خاتمے کے لیے جماعت اسلامی اور حکومت میں دوبارہ مذاکرات کا امکان
وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمٰن کی متوقع ملاقات،پیٹرولیم لیوی پر ریلیف نہ ملا تو جماعت اسلامی لانگ مارچ شروع کرے گی
پٹرولیم لیوی پر حکومت اور جماعت اسلامی میں مذاکرات متوقع، ریلیف نہ ملا تو لانگ مارچ ہوگا۔ فائل فوٹو
پٹرولیم لیوی کے خلاف احتجاج کے معاملے پر جماعت اسلامی اور حکومتی مذاکراتی ٹیموں کے درمیان آئندہ دو روز میں ملاقات متوقع ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور حافظ نعیم الرحمٰن کے درمیان متوقع ملاقات میں پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے سے متعلق امور پر بات چیت ہوگی۔
جماعت اسلامی کی جانب سے حکومت سے مطالبہ کیا جائے گا کہ پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر واضح اور ٹھوس ریلیف فراہم کیا جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے واضح ریلیف نہ ملنے کی صورت میں جماعت اسلامی نے اپنا لانگ مارچ دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے فیصلہ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت کے اجلاس میں کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق جماعت اسلامی کا لانگ مارچ اکتوبر کے آخری ہفتے یا نومبر کے پہلے ہفتے میں شروع کیا جا سکتا ہے۔ جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ حکومت کی جانب سے ٹھوس اور واضح ریلیف ملنے کی صورت میں ہی مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھایا جائے گا۔
حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان آئندہ مذاکرات اور متوقع ملاقات کو پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے، تاہم ملاقات کے حتمی شیڈول اور مذاکرات کے نتائج کے بارے میں باضابطہ اعلان سامنے آنا باقی ہے۔