امریکی شہر ٹولیڈو میں زہریلے کیمیکل کا ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا ، 900 افراد کا انخلا

کیمیکل ٹینک میں ساڑھے 5 ہزار گیلن تک کیمیکل موجود ہونے کی گنجائش ، شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت

October 21, 2026 · بام دنیا

واشنگٹن: امریکی ریاست اوہائیو کے شہر ٹولیڈو میں زہریلے کیمیکل سے بھرا ٹینک دھماکے سے پھٹ گیا۔

واقعے کے بعد ایک پولیس اہلکار زخمی ہوگیا جبکہ دھماکے کے مقام کے قریب رہنے والے 900 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق کیمیکل ٹینک میں ساڑھے 5 ہزار گیلن تک کیمیکل موجود ہونے کی گنجائش ہے، حکام نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

میڈیا کا کہنا ہے کہ دھماکے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں، ٹینک سے زہریلی گیس کے اخراج اور مزید دھماکے کے خدشے کے باعث امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ کے قریب جانے سے گریز کر رہی ہیں۔

حکام کے مطابق دھماکے کے مقام سے ایک میل کے دائرے میں رہنے والے 900 سے زائد افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے جبکہ متاثرہ علاقے سے باہر 3 میل کے دائرے میں شہریوں کو گھروں کے اندر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

امریکی محکمہ صحت کے مطابق کیمیکل سے آنکھوں، ناک، منہ اور جلد میں جلن ہو سکتی ہے، جبکہ شدید دھند کے باعث جائے وقوعہ کی نگرانی اور امدادی سرگرمیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔