سعودی عرب جانے والوں کے لیے لازمی ویکسی نیشن کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی
لازمی ویکسی نیشن کے نئے ضابطے پر عمل درآمد 20 نومبر کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگا
سعودی عرب جانے والوں کے لیے لازمی ویکسی نیشن کی تاریخ آگے بڑھا دی گئی
سعودی عرب جانے والے عمرہ زائرین اور دیگر مسافروں کے لیے لازمی ویکسی نیشن کی تصدیق پر عمل درآمد کی تاریخ ایک ماہ آگے بڑھا دی گئی ہے۔
کراچی ایئرپورٹ حکام کے مطابق لازمی ویکسی نیشن کے نئے ضابطے پر عمل درآمد 20 نومبر کو صبح 10 بجے سے شروع ہوگا۔ اس سے قبل اس حوالے سے 15 اکتوبر کی تاریخ مقرر کی گئی تھی، جس کے تحت ویکسی نیشن کارڈ کے بغیر سفر کرنے پر پابندی عائد ہونا تھی۔
جاری کردہ سرکلر کے مطابق مسافروں کو سفر سے کم از کم 10 روز پہلے ویکسی نیشن کروانا ضروری ہوگا۔ اس مقصد کے لیے ایئرپورٹ پر قائم سرکاری ڈسپنسری میں چوبیس گھنٹے ویکسی نیشن کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔
سرکلر میں مزید بتایا گیا ہے کہ دور دراز علاقوں سے آنے والے زائرین اور دیگر مسافروں کی سہولت کے لیے کراچی ایئرپورٹ کے ڈیپارچر لاؤنج میں بھی ہنگامی بنیادوں پر ویکسی نیشن کی سہولت دستیاب ہے۔