نور زمان کا بڑا اپ سیٹ، عالمی نمبر 4 کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

22 سالہ پاکستانی کھلاڑی نے 52 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 911، 711، 119 اور 611 سے کامیابی حاصل کی۔

October 22, 2026 · اسپورٹس
نور زمان کا بڑا اپ سیٹ، عالمی نمبر 4 کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

نور زمان کا بڑا اپ سیٹ، عالمی نمبر 4 کو ہرا کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئے

پاکستان کے نوجوان اسکواش کھلاڑی نور زمان نے امریکا میں جاری پی ایس اے گولڈ سلیکون ویلی اوپن میں شاندار کامیابی حاصل کرتے ہوئے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

نور زمان نے دفاعی چیمپئن اور عالمی درجہ بندی میں چوتھی پوزیشن پر موجود مصر کے کریم عبدالجواد کو ایک کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کا بڑا اپ سیٹ کردیا۔

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر ریڈووڈ سٹی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں 22 سالہ پاکستانی کھلاڑی نے 52 منٹ تک جاری رہنے والے سخت مقابلے میں 9-11، 7-11، 11-9 اور 6-11 سے کامیابی حاصل کی۔

میچ کے بعد نور زمان نے کہا کہ وہ اس مقابلے کے لیے ذہنی اور جسمانی طور پر مکمل طور پر تیار تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ وہ عالمی سطح کے بہترین کھلاڑیوں کو شکست دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوائیں۔

سلیکون ویلی اوپن کی مجموعی انعامی رقم ایک لاکھ 43 ہزار 500 ڈالر ہے، جس میں دنیا کے نامور اسکواش کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔

پشاور سے تعلق رکھنے والے نور زمان سابق عالمی چیمپئن قمر زمان کے پوتے ہیں۔ وہ 2025 میں انڈر 23 عالمی چیمپئن بھی بنے تھے۔ حالیہ مہینوں میں انہوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پانچ پی ایس اے ٹائٹلز اپنے نام کیے اور عالمی درجہ بندی میں ٹاپ 30 کھلاڑیوں میں جگہ بنائی۔

دوسری جانب پاکستان کے محمد اشعب عرفان کو پری کوارٹر فائنل میں مصر کے محمد الشوربگی کے ہاتھوں صفر کے مقابلے میں تین گیمز سے شکست ہوئی، جس کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہوگئے۔