کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل، میٹا پر 25 ارب ڈالر جرمانہ عائد

سیاسی مشاورتی کمپنی کیمبرج اینالیٹیکا نے تقریباً 8 کروڑ 70 لاکھ فیس بک صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کی تھیں

October 22, 2026 · بام دنیا
کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل، میٹا پر 25 ارب ڈالر جرمانہ عائد

کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل، میٹا پر 25 ارب ڈالر جرمانہ عائد

امریکی ریاست نیو میکسیکو کی ایک عدالت نے فیس بک کی مالک کمپنی میٹا کے خلاف کیمبرج اینالیٹیکا اسکینڈل سے متعلق مقدمے میں 25 ارب ڈالر جرمانے کا فیصلہ سنایا ہے۔ کمپنی پر الزام تھا کہ اس نے صارفین کی ذاتی معلومات کے تحفظ میں ناکامی کے ساتھ ڈیٹا کے استعمال سے متعلق گمراہ کن طرزِ عمل اختیار کیا۔

میٹا نے 2018 میں انکشاف کیا تھا کہ سیاسی مشاورتی کمپنی کیمبرج اینالیٹیکا نے تقریباً 8 کروڑ 70 لاکھ فیس بک صارفین کی ذاتی معلومات حاصل کی تھیں۔ ان معلومات کو امریکی ووٹرز کی پروفائلز تیار کرنے کے لیے استعمال کیے جانے کا معاملہ سامنے آیا تھا۔

نیو میکسیکو کی ریاستی حکومت نے 2021 میں فیس بک کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا۔ ریاست کا مؤقف تھا کہ کمپنی نے وہاں کے شہریوں کی ذاتی معلومات کے استعمال اور تحفظ کے حوالے سے قوانین کی خلاف ورزی کی۔

مقدمے کی سماعت کے دوران ستمبر 2026 میں جیوری نے قرار دیا کہ میٹا نے ریاست کے غیر منصفانہ کاروباری طریقوں سے متعلق قانون کی 4 کروڑ 30 لاکھ سے زائد مرتبہ خلاف ورزی کی۔

فیصلے میں ڈسٹرکٹ کورٹ کے جج فرانسس میتھیو نے کمپنی کے طرزِ عمل پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو ان کے ذاتی ڈیٹا پر اختیار کے حوالے سے بارہا گمراہ کیا گیا۔

دوسری جانب میٹا نے عدالتی فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے اس کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا ہے۔

واضح رہے کہ میٹا کو صارفین کی پرائیویسی اور ڈیٹا کے استعمال سے متعلق مختلف قانونی مقدمات کا سامنا ہے۔ ان مقدمات کے باعث کمپنی کو قانونی اور مالی دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔