جنوبی افریقہ نے دنیا کی طویل ترین مال بردار ٹرین چلا کرعالمی ریکارڈ قائم کر دیا

ریکارڈ ساز مال بردار ٹرین کی کل لمبائی 7.6 کلومیٹر (7,600 میٹر سے زائد) تھی، 696 خالی مال بردار ویگنز، متعدد جدید پاور انجن اور عملے کے خصوصی کوچز شامل

October 22, 2026 · بام دنیا
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کیپ ٹاؤن: جنوبی افریقہ کی قومی مال بردار ریل آپریٹر کمپنی ‘ٹرانسنیٹ فرائٹ ریل’ نے عالمی ریلوے کی تاریخ میں ایک نیا سنگِ میل عبور کرتے ہوئے دنیا کی طویل ترین فریٹ (مال بردار) ٹرین چلانے کا کام یاب مظاہرہ کیا ہے۔ اس بے مثال کامیابی کے ساتھ ہی جنوبی افریقہ نے ریل انجینئرنگ اور آپریشنل صلاحیتوں میں اپنی تکنیکی برتری کا لوہا منوا لیا ہے۔

ریکارڈ ساز مال بردار ٹرین کی کل لمبائی 7.6 کلومیٹر (7,600 میٹر سے زائد) تھی، جس میں 696 خالی مال بردار ویگنز، متعدد جدید پاور انجن اور عملے کے خصوصی کوچز شامل تھے۔ اس عظیم الشان ٹرین کا کامیاب تجربہ جنوبی افریقہ کی مشہور آئرن اور (لوہے کی خام دھات) ایکسپورٹ لائن پر کیا گیا، جو شمالی کیپ کی کانوں کو سلدانہا کی بین الاقوامی بندرگاہ سے ملاتی ہے۔

اس سے قبل دنیا کی طویل ترین مال بردار ٹرین کا عالمی ریکارڈ آسٹریلیا کے پاس تھا، جس نے 2001ء میں 682 ویگنز پر مشتمل ٹرین کامیابی سے چلا کر یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔ تاہم، ٹرانسنیٹ فرائٹ ریل نے 696 ویگنز کی ٹرین چلا کر آسٹریلیا کا 18 سالہ ریکارڈ توڑتے ہوئے یہ عالمی اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔

ریل حکام اور انجینئرنگ ماہرین کے مطابق 7 کلومیٹر سے زائد طویل ٹرین کو پٹری پر محفوظ طریقے سے چلانا، متوازن بریکنگ سسٹم کو برقرار رکھنا اور یکساں پاور کی فراہمی ایک انتہائی پیچیدہ اور مشکل چیلنج تھا۔ تاہم، جدید بریکنگ اور پاور سسٹمز کے مؤثر استعمال نے اس مشن کو ممکن بنایا۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ کامیابی ملک کی اعلیٰ فنی و آپریشنل صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے اور اس سے مستقبل میں خام مال کی نقل و حمل میں انقلابی پیش رفت ہوگی۔