راولپنڈی: سری لنکا نے 430 رنز کا ہدف حاصل کر لیا ، کئی ریکارڈ چکنا چور

October 22, 2026 · اسپورٹس
فوتو سوشل میڈیا

فوتو سوشل میڈیا

راولپنڈی: سری لنکا نے راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں 430 رنز کا پہاڑ جیسا ہدف حاصل کر کے انگلینڈ کو دو وکٹوں سے شکست دیدی،کئی ریکارڈ چکنا چور ہوگئے ۔

جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں کپتان ہیری بروک کی ون ڈے کرکٹ میں تیز ترین سینچری کے سبب انگلینڈ کی ٹیم نے سری لنکا کو 430 رنز کا ہدف دیا تھا۔

سری لنکا کی اننگز جب شروع ہوئی تو اس کے 2 بلے باز صرف 24 رنز کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے اور یوں لگا جیسے انگلینڈ یہ ون ڈے میچ باآسانی جیت جائے گا۔

لیکن اویشکا فرنانڈو، پون رتھنانائکے، داسن شناکا اور جنتھ لیاناگے نے اس میچ کا پانسہ ہی پلٹ دیا اور سری لنکا کو میچ جتوا دیا۔

اویشکا فرنانڈو نے 83 گیندوں پر 97، پون رتھنانائکے نے 106 گیندوں پر 130 رنز اور داسن شناکا نے 50 گیندوں پر 97 رنز بنائے۔ جنتھ لیاناگے آخر تک کریز پر موجود رہے اور 27 گیندوں پر 61 رنز بنائے۔

انگلینڈ کی طرف سے جوش ٹنگ نے تین، سیم کرن نے دو اور جیمی اورٹن اور لیام ڈاسن نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہیری بروک نے ون ڈے میں تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ بنا ڈالا

قبل ازیں راولپنڈی میں کھیلےگئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، تاہم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے انگلینڈ نے مقررہ 50 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 429 رنز بنائے۔

انگلش ٹیم کے کپتان ہیری بروک نے 116 گیندوں پر 202 رنز بناکر شاندار تیز ترین ڈبل سنچری کا ریکارڈ قائم کیا، جو روٹ نے 69 ، ٹام بینٹن نے 50 اور بین ڈکٹ نے 29 رنز بنائے جبکہ ول جیکس 66 رنز کیساتھ ناقبل شکست رہے۔

سری لنکا کی جانب سے دونیتھ ویلالاگے نے 2 جبکہ اسیتھا فرنینڈو اور جینت لیاناگے نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سری لنکن ٹیم میں ایک تبدیلی ہوئی ہے، سچندو کولومباگے کی جگہ دونیتھ ویلالاگے کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ پاکستان ٹیم پہلے میچ میں سری لنکا کو 37 اور دوسرے میچ میں انگلینڈ کو 87 رنز سے شکست دے کر اب تک ناقابل شکست ہے۔

سری لنکا ون ڈے کرکٹ میں 400 سے زائد رنز کا ہدف حاصل کرنے والی پہلی ایشین ٹیم 

راولپنڈی کے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے سہ فریقی سیریز کے میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو جیت کےلیے 429 رنز کا ہدف دیا جو اس نے آخری اوور میں حاصل کرلیا۔

سری لنکن ٹیم ناصرف ون ڈے کرکٹ کی تاریخ کا دوسرا سب سے بڑا ٹوٹل حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی بلکہ وہ 400 رنز سے زائد کا ہدف حاصل کرنے والی پہلی ایشین ٹیم بھی بن گئی۔

ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں تیسری بار 400 سے زائد رنز کا ہدف عبور کیا گیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے 2006 میں آسٹریلیا کے خلاف 435 رنز کا ہدف عبور کیا تھا، یہ ریکارڈ آج تک نہ ٹوٹ سکا۔

یہی نہیں بلکہ سری لنکن ٹیم ون ڈے کرکٹ میں دوسری اننگز میں دو مرتبہ 400 رنز بنانے والی واحد ٹیم بن گئی۔

خیال رہے کہ پاکستان کی سرزمین پر اس سے قبل ون ڈے کرکٹ میں سب سے بڑا ہدف 353 رنز عبور کیا گیا تھا۔ پاکستان نے 2025 میں جنوبی افریقہ کے خلاف یہ ہدف حاصل کیا تھا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں اس سے قبل سب سے بڑے ہدف کا کامیاب حصول 337 رنز تھا جو پاکستان نے 2023 میں نیوزی لینڈ کے خلاف راولپنڈی میں ہی  حاصل کیا تھا۔