پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی پر پمپ مالکان کے تحفظات

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو خط ارسال،قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے باعث درپیش کاروباری مشکلات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

October 23, 2026 · قومی
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی پر پمپ مالکان کے تحفظات

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ تبدیلی پر پمپ مالکان کے تحفظات

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ ردوبدل کے معاملے پر پیٹرول پمپ مالکان نے ایک بار پھر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

آل پاکستان پیٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے اس سلسلے میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کو خط ارسال کیا ہے۔ خط ایسوسی ایشن کے وائس چیئرمین نعمان علی بٹ کی جانب سے لکھا گیا، جس میں قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے باعث درپیش کاروباری مشکلات کی نشاندہی کی گئی ہے۔

ایسوسی ایشن کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل ردوبدل سے پمپ مالکان کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جبکہ موجودہ ذخیرے کی مالیت کا تعین کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے باعث نقد رقم کی آمدورفت، ذخیرے کے انتظام اور خرید و فروخت کا نظام بھی متاثر ہو رہا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ قیمتوں میں مسلسل تبدیلی کاروباری سرگرمیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا کر رہی ہے، جس سے روزمرہ امور متاثر ہو رہے ہیں۔

ایسوسی ایشن نے مطالبہ کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے لیے قابل عمل اور شفاف نظام بنایا جائے اور اس عمل میں پیٹرول پمپ مالکان سے بھی مشاورت کی جائے۔ خط میں عوام کو پیٹرولیم مصنوعات کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے ساتھ پمپ مالکان کے کاروباری مفادات کے تحفظ پر بھی زور دیا گیا ہے۔

ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر پیٹرولیم سے ملاقات کے لیے وقت مانگا ہے تاکہ درپیش مسائل اور ان کے حل کے لیے تجاویز پیش کی جا سکیں۔