کراچی میں منکی پاکس کے مزید دو کیسز سامنے آگئے

نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد سندھ انفیکشز ڈیزیز ہسپتال نیپا میں زیر علاج افراد کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

October 23, 2026 · قومی
کراچی میں منکی پاکس کے مزید دو کیسز سامنے آگئے

کراچی میں منکی پاکس کے مزید دو کیسز سامنے آگئے

کراچی میں منکی پاکس کے مزید دو کیسز سامنے آنے کے بعد بیماری سے متاثرہ افراد کی تعداد میں اضافہ ہوگیا ہے۔ نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد سندھ انفیکشز ڈیزیز ہسپتال نیپا میں زیر علاج افراد کی تعداد سات ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق نیو کراچی سے تعلق رکھنے والے ایک اور مشتبہ مریض کو بھی سندھ انفیکشز ڈیزیز ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ دوسری جانب منکی پاکس سے متاثرہ جن دو افراد کی تصدیق ہوئی ہے، وہ آپس میں دوست ہیں اور ایک کیفے ٹیریا میں کام کرتے ہیں۔ دونوں کے جسم پر دانے ظاہر ہونے کے بعد ان کا علاج شروع کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تین روز قبل بھی پشاور سے کراچی کے علاقے سہراب گوٹھ آنے والے دو افراد میں منکی پاکس کی تصدیق ہوئی تھی۔ دونوں افراد اس وقت سندھ انفیکشز ڈیزیز ہسپتال میں زیر علاج ہیں۔

ہسپتال میں داخل مریضوں میں ایک 40 روزہ بچہ، دو خواتین اور چار مرد شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق بچے میں ختنہ کرانے کے بعد منکی پاکس کی تشخیص ہوئی، تاہم بیماری کی منتقلی کی وجہ کی طبی تصدیق سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔

منکی پاکس ایک متعدی بیماری ہے جو عموماً متاثرہ شخص کے ساتھ قریبی جسمانی رابطے کے ذریعے پھیل سکتی ہے۔ ماہرین صحت کی ہدایات کے مطابق مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر فوری طبی معائنہ کرانا ضروری ہے۔