چھکے صرف مجھے نہیں پڑتے،دنیا میں ہر بولر کو مار پڑتی ہے،حارث رؤف

حارث رؤف کی لاہور میں میڈیا سے گفتگو،فٹنس،ٹیسٹ کرکٹ اور قومی ٹیم کی بولنگ پر اظہار خیال

October 23, 2026 · اسپورٹس

حارث رؤف کا کہنا ہے کہ چھکے صرف انہیں نہیں بلکہ دنیا میں ہر بولر کو پڑتے ہیں، فٹنس بہتر ہونے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی نمائندگی کے منتظر ہیں۔

لاہور: پاکستان کے فاسٹ بولر حارث رؤف کا کہنا ہے کہ چھکے صرف انہیں نہیں پڑتے بلکہ دنیا میں ہر بولر کو مار پڑتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ان کی فٹنس بہتر ہے اور وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کے منتظر ہیں۔

لاہور میں ٹیم پریکٹس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حارث رؤف نے کہا کہ ان کا کام وکٹیں لینا ہے، اس لیے رفتار بھی بہت اہمیت رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈومیسٹک کرکٹ کھیلنے سے فٹنس اور ردھم بہتر بنانے کا موقع ملا ہے۔ ٹیسٹ میچز کے لیے زیادہ فٹنس درکار ہوتی ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں ان کی فٹنس ایسی نہیں تھی کہ وہ ٹیسٹ میچز میں بہتر کارکردگی دکھا پاتے، تاہم اب وہ ٹیسٹ کرکٹ میں بھی پاکستان کی نمائندگی کے منتظر ہیں۔

حارث رؤف نے کہا کہ سہ ملکی سیریز کا آغاز بہت اچھا رہا ہے اور ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا ہے۔ لاہور کی پچ تازہ لگ رہی ہے، جہاں بولرز کو سپورٹ مل سکتی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ 25 اکتوبر کو بریسٹ کینسر سے آگاہی کے سلسلے میں میچ کھیلا جانا ہے، اس کی حمایت کرنی چاہیے۔

حارث رؤف کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ایونٹس میں پاکستان کو زیادہ اسکور کرنے کے ساتھ مخالف ٹیموں کو بڑے اسکور سے روکنا بھی ہوگا۔ ان کے مطابق 34 اوورز کے بعد گیند تبدیل ہونے سے بولنگ سائیڈ پر فرق پڑتا ہے، جبکہ مڈل اوورز میں وکٹیں لینا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی کے ساتھ مل کر بولنگ کرانے میں مزہ آتا ہے۔ شان ٹیٹ پہلے بھی ٹیم کے ساتھ کام کرچکے ہیں اور ان کی موجودگی فائدہ مند ہے۔