وزیراعظم نے 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کردی

وزیراعظم کا کسانوں کو ریلیف دینے کا فیصلہ،گندم کی مجوزہ قیمت میں ایک ہزار روپے اضافہ

October 23, 2026 · قومی

وزیراعظم نے 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 3,500 روپے سے بڑھا کر 4,500 روپے فی من مقرر کردی، فیصلے کا مقصد کسانوں کو پیداواری لاگت اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف دینا، مقامی پیداوار بڑھانا اور ملکی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانا ہے۔

اسلام آباد: وزیراعظم نے کسان دوست اقدام کرتے ہوئے 2027ء کے لیے گندم کی مجوزہ قیمت 4,500 روپے فی من مقرر کردی ہے۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق گزشتہ سال گندم کی قیمت 3,500 روپے فی من مقرر تھی، جس کے مقابلے میں نئی مجوزہ قیمت میں 1,000 روپے فی من اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیراعظم نے اس فیصلے کے لیے مشاورتی عمل میں تعاون اور قابلِ قدر تجاویز پیش کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کیا اور مشاورتی عمل میں ان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے تعاون پر بھی اظہار تشکر کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافے کا مقصد کسانوں کو بڑھتی ہوئی پیداواری لاگت، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے اور مہنگائی کے دباؤ سے ریلیف فراہم کرنا ہے۔ کسانوں کو گندم کی کاشت کے لیے مؤثر ترغیب دینا بھی اس فیصلے کے اولین مقاصد میں شامل ہے۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ نئی مجوزہ قیمت سے کسانوں کو اپنی پیداواری لاگت پوری کرنے اور مناسب منافع حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ برسوں کے دوران مہنگائی اور زرعی اخراجات میں اضافے کے باعث کسانوں کو مالی مشکلات کا سامنا رہا، جبکہ پاکستان کو گزشتہ دو برسوں میں گندم درآمد بھی کرنا پڑی۔

ان کے مطابق گندم کی مجوزہ قیمت میں اضافہ ملکی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے، مقامی پیداوار کی حوصلہ افزائی اور زرعی شعبے میں استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔