اسحاق ڈار کی مصری وزیر خارجہ سے ملاقات، تجارتی، دفاعی تعاون بڑھانے پر اتفاق

پاکستان اور مصر کا زراعت،ادویہ سازی، قابل تجدید توانائی اور عوامی سطح پر روابط مزید مستحکم بنانے پر اتفاق

October 23, 2026 · قومی

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی سے آر فور وزارتی اجلاس کے موقع پر ملاقات۔

ملاقات کے دوران دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے اعلیٰ سطح پر مسلسل روابط کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے تجارت، کاروباری اداروں کے درمیان روابط، زراعت، ادویہ سازی اور رابطہ کاری کے شعبوں میں تعاون پر اتفاق کیا جبکہ قابل تجدید توانائی، دفاع اور عوامی سطح پر تبادلوں میں بھی تعاون کو مزید تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی پیش رفت، بالخصوص فلسطین اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مسلسل مذاکرات اور سفارت کاری کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے آر فور فریم ورک کے تحت اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت جاری رکھنے اور قریبی رابطہ کاری کے عزم کا اعادہ کیا۔