میر رضا علی قتل کیس،تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل
جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ کریں گے
میر رضا علی قتل کیس،تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل
کراچی: سندھ حکومت نے میر رضا علی قتل کیس کی تحقیقات کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) تشکیل دے دی ہے۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اس حوالے سے تمام متعلقہ اداروں کو باضابطہ مراسلے جاری کر دیے ہیں۔
مراسلے کے مطابق جے آئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی عرفان بلوچ کریں گے، جبکہ ٹیم میں انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی)، انٹیلی جنس بیورو (آئی بی)، پاکستان رینجرز سندھ اور نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) کے سینئر افسران شامل ہوں گے۔
محکمہ داخلہ سندھ نے متعلقہ اداروں سے درخواست کی ہے کہ وہ جے آئی ٹی میں شمولیت کے لیے گریڈ 18 یا اس سے اعلیٰ درجے کے افسران نامزد کریں۔
واضح رہے کہ میر رضا علی کے قتل کا مقدمہ کراچی کے تھانہ فیروز آباد میں درج ہے۔ اس کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں جسٹس عمر سیال پر مشتمل یک رکنی انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ پیش کی تھی۔ محکمہ داخلہ سندھ نے اسی کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں جے آئی ٹی تشکیل دی ہے۔