شیخوپورہ میں شیر خوار بچی کی حوالگی پر تنازع، فائرنگ سے 3 خواتین جاں بحق
واقعہ شیخوپورہ کے گاؤں ٹھٹھہ علی میں پیش آیا، جہاں بچی کی حوالگی کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کرگیا
شیخوپورہ میں شیر خوار بچی کی حوالگی پر تنازع، فائرنگ سے 3 خواتین جاں بحق
شیخوپورہ: پنجاب کے ضلع شیخوپورہ میں شیر خوار بچی کی حوالگی کے معاملے پر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے تین خواتین جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ شیخوپورہ کے گاؤں ٹھٹھہ علی میں پیش آیا، جہاں بچی کی حوالگی کے معاملے پر تنازع شدت اختیار کرگیا۔ اسی دوران ملزم نے فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں تین خواتین جان سے گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول خواتین میں ملزم کی ساس، سالی اور سالے کی اہلیہ شامل ہیں۔ واقعے کے بعد ملزم فرار ہوگیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
پولیس نے تینوں خواتین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال منتقل کردیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
دوسری جانب انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب عبدالکریم نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او شیخوپورہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ملزم کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کی ہدایت بھی کی ہے۔