پی ٹی آئی سے فارورڈ بلاک بنا کر اگلا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا تیار کرلیا گیا،کامران مرتضیٰ کا دعویٰ

جے یو آئی سینیٹر کا کہنا ہے کہ حکومتی حمایت سے صوبائی اسمبلی میں فارورڈ بلاک بنے گا اور معاملات آگے بڑھیں گے

October 24, 2026 · قومی

خیبرپختونخوا کے اگلے وزیراعلیٰ وفاقی حکومت کا حمایت یافتہ ہوں گے، پی ٹی آئی رہےگی، کسی کو پی ٹی آئی سےمسئلہ نہیں: سینیٹر کامران مرتضیٰ— فوٹو:فائل

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے اگلے وزیراعلیٰ وفاقی حکومت کے حمایت یافتہ ہوں گے اور پی ٹی آئی سے ایک رکن کو الگ کرکے آئندہ وزیراعلیٰ کے لیے تیار کرلیا گیا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر کامران مرتضیٰ نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر نہیں بنیں گے، محمود اچکزئی اپوزیشن لیڈر ہیں اور ہم ان کا احترام کرتے ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومتی رضامندی اور مدد سے خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اندر فارورڈ بلاک بنایا جائے گا، جس کے ذریعے معاملات آگے بڑھیں گے۔

کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ جمہوری انداز میں آگے بڑھنے میں ہی مسائل کا حل ہے۔ پی ٹی آئی موجود رہے گی اور کسی کو پی ٹی آئی سے مسئلہ نہیں۔ ان کے مطابق جے یو آئی خیبرپختونخوا کے حوالے سے اپنی جدوجہد کر رہی ہے اور کسی دوسری جماعت کے پروگرام کے بجائے اپنے پروگرام پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا سے دہشتگردی کے خاتمے پر کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔ دہشتگردی ختم ہونی چاہیے اور لوگوں کی جان، مال اور عزت محفوظ ہونی چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کا خاتمہ صرف اعلانات تک محدود نہیں رہنا چاہیے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں خیبرپختونخوا میں گورنر راج اور ایمرجنسی نافذ کی گئی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سمیت متعدد رہنماؤں کو حراست میں لیا گیا ہے۔