سعودی اتحاد نے حوثیوں کے 11 میزائلوں کو مار گرایا ، 2 افراد زخمی، 3 مکان ،7 گاڑیاں تباہ
دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ خمیس مشیط اور احد رفیدہ کے علاقوں میں گرا،سعودی سول ڈیفنس
فائل فوٹو
ریاض:سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز نے جنوبی علاقے میں حوثی باغیوں کے 10 بیلسٹک میزائلوں جبکہ خمیس مشیط کی جانب آنے والا ایک کروز میزائل کو بھی فضا میں ہی تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق یہ دعویٰ یمن میں حوثی باغیوں کے خلاف سعودی قیادت میں سرگرم فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اتوار 25 اکتوبر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کیا۔
دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بتایا کہ اتوار کے روز دو بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد ان کا ملبہ خمیس مشیط اور احد رفیدہ کے علاقوں میں گرا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔
شہری دفاع کے مطابق زخمیوں میں ایک سعودی شہری اور ایک ایشیائی باشندہ شامل ہے۔ میزائلوں کے ملبے سے تین رہائشی عمارتوں اور سات گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
سعودی حکام نے میزائل حملوں کا ذمہ دار یمن کی حوثی ملیشیا کو قرار دیا ہے تاہم ان حملوں کے حوالے سے حوثی حکام کا مؤقف فراہم کردہ اطلاعات میں شامل نہیں۔