غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، بچے سمیت 3 فلسطینی شہید
حملے میں شہید ہونے والوں کی لاشیں بری طرح متاثر ہوئیں، جبکہ ایک بچے اور ایک خاتون سمیت متعدد زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
غزہ میں اسرائیلی فضائی حملہ، بچے سمیت 3 فلسطینی شہید
غزہ: جنوبی غزہ کی پٹی میں بے گھر فلسطینیوں کے کیمپ پر اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 فلسطینی شہید ہوگئے جبکہ متعدد افراد زخمی ہوئے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل نے بتایا کہ خان یونس کے مغرب میں واقع المواسی کے علاقے میں بے گھر افراد کے کیمپ کو اسرائیلی فضائی حملے میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں ایک بچے سمیت 3 افراد شہید ہوگئے۔
خان یونس کے ناصر اسپتال نے بھی حملے میں 3 فلسطینیوں کی شہادت کی تصدیق کی ہے۔ اسپتال کے مطابق میزائل حملے میں شہید ہونے والوں کی لاشیں بری طرح متاثر ہوئیں، جبکہ ایک بچے اور ایک خاتون سمیت متعدد زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود باسل کے مطابق غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فائرنگ اور فضائی حملوں میں مجموعی طور پر 11 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہوئے۔