اسرائیل کا انتخابات سے پہلے ایران پر حملے کا ارادہ نہیں ، صہیونی وزیر دفاع
ایران کے معاملے پر اسرائیلی سیاسی اور فوجی قیادت کے درمیان اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد ہیں،اسرائیل کاٹز
فائل فوٹو
تل ابیب: اسرائیلی وزیر دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا ہے کہ اسرائیل کا انتخابات سے پہلے ایران پر حملہ کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، تاہم ایران کی جانب سے حملے کی صورت میں بھرپور طاقت سے جواب دیا جائے گا۔
اسرائیل کاٹز نے اپنے بیان میں ایران کے معاملے پر اسرائیلی سیاسی اور فوجی قیادت کے درمیان اختلافات کی خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی قیادت اور اسرائیلی فوج کے درمیان مکمل ہم آہنگی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیلی ٹی وی چینل 12 نے اس سے قبل رپورٹ کیا تھا کہ وزیراعظم نیتن یاہو اور اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر کے درمیان ایران سے متعلق ممکنہ فوجی کارروائی پر اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق فوجی قیادت نے کارروائی کے حکم پر عمل درآمد سے پہلے مزید مشاورت اور قانونی وضاحت کا مطالبہ کیا تھا۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے دعویٰ کیا تھا کہ انہوں نے اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد اور اسرائیلی فوج کو ایرانی حکومت کا تختہ الٹنے کے لیے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔
اسرائیلی فوج کے سربراہ ایال ضمیر کی جانب سے مبینہ طور پر اس حکم پر تحفظات سامنے آنے کے بعد اسرائیلی سیاسی اور عسکری قیادت کے درمیان اختلافات کی خبریں گردش کرنے لگی تھیں۔ تاہم اسرائیلی وزیر دفاع نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل ایران کے خلاف حملہ شروع کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔