امریکا صرف اپنی شرائط منوانا چاہتا ہے، دوطرفہ مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، ایران
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی کا الزام، تہران سفارت کاری کے لیے پُرعزم، مذاکرات کے دروازے کبھی بند نہیں کیے
امریکا کیساتھ مذاکرات پہلے کے مقابلے میں زیادہ سنجیدہ اور مختصر ہونے کی امید ہے؛ ایران (فوٹو: ایرانی میڈیا)
ایران نے امریکا پر مذاکرات میں سنجیدہ نہ ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران سفارت کاری کے لیے پُرعزم ہے اور اس نے بات چیت کے دروازے کبھی بند نہیں کیے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکا گزشتہ دو برس سے مذاکرات اور اپنی شرائط مسلط کرنے کے درمیان فرق نہیں کر پا رہا۔
اسماعیل بقائی کے مطابق امریکی فریق مذاکرات کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے اور اس کا طرزِ عمل ظاہر کرتا ہے کہ وہ بات چیت کو باہمی مفاہمت کے بجائے اپنی شرائط منوانے کا ذریعہ سمجھتا ہے۔
ترجمان ایرانی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ ایران نے اپنے عوام اور عالمی برادری پر واضح کر دیا ہے کہ وہ سفارت کاری کے لیے سنجیدہ اور ثابت قدم ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران نے کبھی مذاکرات کا راستہ بند نہیں کیا اور وہ سفارتی کوششوں کے لیے اپنے عزم پر قائم ہے۔