سیاسی جماعتیں اور امیدوار اے آئی انتخابی مواد کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کریں گے
الیکشن کمیشن کے مجوزہ ضابطہ اخلاق کے نکات سامنے آگئے،ڈیپ فیک اور جعلی انتخابی مہم پر پابندی کی تجویز
الیکشن کمیشن کا اے آئی سے تیار کردہ انتخابی مواد کے لیے ضابطہ اخلاق تجویز، ڈیپ فیک، جعلی ٹرینڈز اور گمراہ کن مواد پر پابندی کی سفارش۔
اسلام آباد: سیاسی جماعتوں اور امیدواروں کے لیے الیکشن کمیشن کے تجویز کردہ ضابطہ اخلاق کے نکات سامنے آگئے ہیں، جن کے مطابق سیاسی جماعتیں اور امیدوار مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ انتخابی مواد کا ریکارڈ الیکشن کمیشن کو فراہم کریں گے۔
مجوزہ ترمیم کے مطابق مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ایسا مواد نشر نہیں کیا جائے گا جو ووٹر کو دھوکا دینے کی نیت سے بنایا گیا ہو۔
مجوزہ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ڈیپ فیک تصاویر، ویڈیوز اور آڈیوز پر اے آئی لکھنا لازمی ہوگا۔
کسی امیدوار، حامی یا انتخابی اہلکار کی مصنوعی شبیہ، آواز یا بیان تخلیق کرنا، جو جھوٹا، تضحیک آمیز یا ہتک آمیز ہو، ممنوع ہوگا۔
مجوزہ ضابطے کے مطابق عوامی حمایت کا جھوٹا تاثر پیدا کرنے اور جعلی ٹرینڈز، لائکس، کمنٹس، شیئرز اور فالوورز بڑھانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی بوٹس، خودکار اکاؤنٹس یا دیگر آلات استعمال نہیں کیے جائیں گے۔
اسی طرح عدلیہ، مسلح افواج اور ریاستی اداروں کی مصنوعی شبیہ، آواز یا بیان تخلیق کرنا بھی ممنوع ہوگا، بشرطیکہ ایسا مواد جھوٹا، تضحیک آمیز یا ہتک آمیز ہو۔