سری لنکا کی تباہ کن بولنگ،پاکستان 110 رنز پر آل آؤٹ

دلشان مدوشنکا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی

October 27, 2026 · اسپورٹس
سری لنکن بائولر نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی، پوری ٹیم 110 رنز پر آئوٹ

سری لنکن بائولر نے پاکستانی بیٹنگ لائن تہس نہس کر دی، پوری ٹیم 110 رنز پر آئوٹ

لاہور میں تین ملکی ون ڈے سیریز کے پانچویں میچ میں سری لنکن بولرز نے پاکستانی بیٹنگ لائن کو تہس نہس کر دیا۔ قومی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 25.3 اوورز میں 110 رنز بنا کر آل آؤٹ ہوگئی۔

قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جو درست ثابت ہوا۔ سری لنکا کے دلشان مدوشنکا نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 5 پاکستانی بلے بازوں کو پویلین کی راہ دکھائی، جبکہ سہان آراچیگے نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ اسیتھا فرنینڈو، ایشان ملنگا اور دونتھ ویلالاگے نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 29 رنز بنا کر نمایاں رہے، جبکہ حسن نواز نے 17 رنز اسکور کیے۔ کپتان شاہین شاہ آفریدی نے 13 گیندوں پر 15 رنز بنائے، جبکہ ارفات منہاس نے 10 رنز کی اننگز کھیلی۔ فخر زمان 5، معاذ صداقت 8، سعد بیگ 5، سلمان علی آغا 9 اور شاداب خان صرف 2 رنز بنا سکے۔

پاکستان کی وکٹیں وقفے وقفے سے گرتی رہیں اور کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں کامیاب نہ ہو سکا۔ دلشان مدوشنکا کی شاندار بولنگ کے باعث قومی ٹیم مقررہ پچاس اوورز بھی مکمل نہ کر سکی اور 110 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

سری لنکا کے لیے یہ مقابلہ فائنل میں جگہ بنانے کے حوالے سے اہم ہے، جبکہ پاکستان پہلے ہی تین ملکی سیریز کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔