لوگ ووٹ ڈالنے نہ نکلے تو عرب جماعتوں کی حکومت قائم ہو جائے گی ، نیتن یاہو
پولنگ اسٹیشنز کی طرف بسیں جا رہی ہیں اور عرب آبادیوں میں لمبی قطاریں لگنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں ، سوشل میڈیا پر پیغام
فائل فوٹو
تل ابیب: اسرائیلی وزیر اعظم بنیامن نیتن یاہو نے ’دائیں بازو کے ووٹرز‘ سے گھروں سے باہر نکل کر ووٹ ڈالنے کے لیے پولنگ سٹیشنوں تک پہنچنے کی اپیل کی ہے۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر نیتن یاہو نے لکھا کہ پولنگ اسٹیشنز کی طرف بسیں جا رہی ہیں اور عرب آبادیوں میں لمبی قطاریں لگنے کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔
انھوں نے دائیں بازو کے نظریات رکھنے والے افراد سے کہا کہ ’اگر آپ ووٹ ڈالنے کے لیے باہر نہ آئے تو عرب جماعتوں کی حکومت قائم ہو جائے گی۔‘
اسرائیل کی تاریخ کے اہم ترین اور فیصلہ کن انتخابات میں سے ایک قرار دیے جانے والے الیکشن میں ووٹر ٹرن آؤٹ سنہ 1977 کے بعد بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔
ایک اور پوسٹ میں نیتن یاہو نے لکھا کہ ’عرب علاقوں میں معمول سے زیادہ ووٹر ٹرن آؤٹ نظر آ رہا ہے جبکہ اس کے مقابلے میں دائیں بازو کے ووٹرز کا ٹرن آؤٹ کم ہے۔‘
ابتدائی سرویز کے مطابق موجودہ وزیرِ اعظم بنیامین نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی آرمی چیف گادی آئزنکوٹ کے درمیان وزارتِ عظمیٰ کی دوڑ انتہائی سخت اور کانٹے دار مقابلے کی صورت اختیار کر چکی ہے اور دونوں امیدوار تقریباً برابر پوزیشن میں دکھائی دے رہے ہیں۔