پاکستان کے عوام کو دھمکانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،فیصل کریم کنڈی
پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
پاکستان کے عوام کو دھمکانے کی کسی کو اجازت نہیں دیں گے،فیصل کریم کنڈی
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کو دھمکانے اور ملکی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کا دفاع ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
فیصل کریم کنڈی نے لوئر جنوبی وزیرستان میں شہریوں کے گھروں اور انگور اڈہ بازار پر افغان طالبان رجیم کی مبینہ بلااشتعال کارروائی کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ شہری آبادی اور بازار کو نشانہ بنانا قابلِ مذمت ہے۔ انہوں نے پاکستان کی مسلح افواج کو فوری اور بھرپور جواب دینے پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا۔
گورنر خیبرپختونخوا کا کہنا تھا کہ افغان طالبان رجیم کسی غلط فہمی میں نہ رہے، پاکستان اپنے شہریوں پر حملوں اور ملکی خودمختاری کی خلاف ورزی کو برداشت نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں قیمتی جانوں کی قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی جارحیت کا عزم اور ثابت قدمی کے ساتھ جواب دیا جائے گا۔ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے مسلح افواج کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے واضح کیا کہ دھمکیاں اور بزدلانہ کارروائیاں پاکستان کے دفاع کے عزم کو کمزور نہیں کرسکتیں۔ ملکی خودمختاری، علاقائی سالمیت اور عوام کے تحفظ پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔