جنگ کے خاتمے کے لیے قطر کا نیا اقدام،ایران کو مجوزہ معاہدے کا مسودہ پیش

قطری ثالثوں نے اتوار کے روز ایران کے سامنے یہ نئی تجویز رکھی۔ تاہم، مجوزہ معاہدے کی شرائط اور اس میں شامل اہم نکات تاحال منظرِ عام پر نہیں آئے،رپورٹ

October 28, 2026 · بام دنیا
جنگ کے خاتمے کے لیے قطر کا نیا اقدام،ایران کو مجوزہ معاہدے کا مسودہ پیش

جنگ کے خاتمے کے لیے قطر کا نیا اقدام،ایران کو مجوزہ معاہدے کا مسودہ پیش

امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری جنگ ختم کرانے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے۔ قطر کے ثالثوں نے تہران کو ایک نئے مجوزہ معاہدے کا مسودہ پیش کیا ہے، جس کا مقصد جنگ کے خاتمے کے لیے کوئی قابلِ قبول راستہ نکالنا ہے۔

مذاکرات سے واقف ایک عہدیدار کے مطابق ایران کو پیش کی گئی اس تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور توقع ہے کہ تہران رواں ہفتے کے اختتام تک اپنا جواب دے دے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق قطری ثالثوں نے اتوار کے روز ایران کے سامنے یہ نئی تجویز رکھی۔ تاہم، مجوزہ معاہدے کی شرائط اور اس میں شامل اہم نکات تاحال منظرِ عام پر نہیں آئے۔

عہدیدار نے بتایا کہ تہران میں اتوار کو ہونے والی ملاقات سے قبل یہ خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے تھے کہ اسرائیلی وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو اسی ہفتے ایران پر حملوں کا دوبارہ حکم دے سکتے ہیں۔

قطر کی جانب سے یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب جنگ روکنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں۔ اب توجہ ایران کے جواب پر مرکوز ہے، تاہم فی الحال یہ واضح نہیں کہ تہران مجوزہ معاہدے کو قبول کرے گا یا اس میں ترامیم کا مطالبہ کرے گا۔