خلیجِ فن لینڈ میں روسی مال بردار جہاز پر ڈرون حملہ، ریسکیو آپریشن جاری
ملے کے بعد جہاز فن لینڈ کے پانیوں میں داخل ہو گیا ،حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ ہو سکتا ہے ، فن لینڈ فوج
فائل فوٹو
فن لینڈ : روس کے بالٹک علاقے کیلینن گراڈ جانے والے ایک روسی مال بردار جہاز پر ڈرون حملہ کیا گیا ہے، جس کے بعد جہاز میں لگنے والی آگ بجھانے اور اسے ڈوبنے سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں۔
حکام کے مطابق سپارٹا 2 نامی یہ جہاز سنیچر کی صبح کیلینن گراڈ جا رہا تھا جب اسے ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ حملے کے بعد جہاز فن لینڈ کے پانیوں میں داخل ہو گیا۔
فن لینڈ کی دفاعی افواج نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ حملے کے پیچھے یوکرین کا ہاتھ ہو سکتا ہے، تاہم یوکرین کی جانب سے تاحال اس بارے میں کوئی ردِعمل سامنے نہیں آیا۔
فن لینڈ کے بارڈر گارڈ کا کہنا ہے کہ جہاز کو ڈوبنے سے بچانے کی کوششیں جاری ہیں، جبکہ قریب سے گزرنے والے دیگر جہازوں کو فی الحال کوئی خطرہ لاحق نہیں۔
کیلینن گراڈ کے گورنر الیکسی بیسپروزوانیخ نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حملے میں دو ڈرون استعمال کیے گئے، تاہم خطے کو ضروری سامان کی فراہمی متاثر ہونے کا خدشہ نہیں۔