دبئی میں گاڑی کی نمبر پلیٹ 51 کروڑ روپے میں نیلام، آخر اس میں خاص کیا ہے؟

یہ نمبر پلیٹ مختصر اور منفرد ہونے کی وجہ سے خریداروں کی خاص دلچسپی کا مرکز بنی۔

October 28, 2026 · امت خاص
دبئی میں گاڑی کی نمبر پلیٹ 51 کروڑ روپے میں نیلام، آخر اس میں خاص کیا ہے؟

دبئی میں گاڑی کی نمبر پلیٹ 51 کروڑ روپے میں نیلام، آخر اس میں خاص کیا ہے؟

دبئی میں گاڑیوں کی منفرد نمبر پلیٹس کی نیلامی کے دوران ایک نمبر پلیٹ نے سب کی توجہ حاصل کرلی، جو تقریباً 51 کروڑ پاکستانی روپے میں فروخت ہوئی۔ یہ نمبر پلیٹ مختصر اور منفرد ہونے کی وجہ سے خریداروں کی خاص دلچسپی کا مرکز بنی۔

تفصیلات کے مطابق دبئی کی روڈز اینڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی (آر ٹی اے) کی جانب سے منعقدہ نیلامی میں سی سی 44 نمبر پلیٹ 67 لاکھ 20 ہزار درہم میں فروخت ہوئی، جس کی مالیت پاکستانی کرنسی میں تقریباً 51 کروڑ روپے بنتی ہے۔

نیلامی میں دیگر مہنگی نمبر پلیٹس بھی فروخت ہوئیں۔ بی بی 18 نمبر پلیٹ 66 لاکھ 20 ہزار درہم، جبکہ بی بی 80 نمبر پلیٹ 59 لاکھ درہم میں نیلام ہوئی۔ اسی طرح بی بی 117 نمبر پلیٹ کی قیمت بھی 10 لاکھ درہم سے تجاوز کرگئی۔

آر ٹی اے کے مطابق نیلامی سے مجموعی طور پر 6 کروڑ 57 لاکھ 21 ہزار درہم حاصل ہوئے، جو پاکستانی کرنسی میں تقریباً 5 ارب روپے بنتے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیلامی کا نظام شفافیت، غیر جانب داری اور تمام شرکا کو یکساں مواقع فراہم کرنے کے اصولوں پر قائم ہے۔

ان نمبر پلیٹس کی قیمت اتنی زیادہ کیوں ہوتی ہے؟

ان نمبر پلیٹس کی خاص بات ان کے مختصر، منفرد اور آسانی سے یاد رہ جانے والے ہندسے اور حروف ہیں۔ بعض افراد کے لیے یہ صرف گاڑی کی شناخت نہیں بلکہ ان کی ذاتی پسند، انفرادیت اور سماجی حیثیت کی علامت بھی ہوتی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ خریدار بعض مخصوص نمبروں کے حصول کے لیے بھاری رقم خرچ کرنے کو تیار ہوتے ہیں۔

دبئی میں منعقدہ 121ویں کھلی نیلامی میں مجموعی طور پر 60 منفرد نمبر پلیٹس پیش کی گئیں، جن میں دو سے پانچ ہندسوں پر مشتمل نمبر شامل تھے۔

دوسری جانب دبئی میں خصوصی نمبر پلیٹس کی خرید و فروخت کو محفوظ بنانے کے لیے ’’مزال‘‘ نامی ایک آن لائن پلیٹ فارم متعارف کرانے کی تیاری بھی کی جارہی ہے۔ اس نظام کے تحت خریدار کی رقم اس وقت تک محفوظ رکھی جائے گی جب تک نمبر پلیٹ کی ملکیت نئے مالک کو منتقل نہیں ہوجاتی۔

متعلقہ حکام کے مطابق اس پلیٹ فارم کا مقصد خریداروں کی شناخت کی تصدیق اور لین دین کو زیادہ محفوظ بنانا ہے۔ اس وقت ایسی نمبر پلیٹس کی خرید و فروخت سوشل میڈیا، نجی ایجنٹوں اور روایتی ذرائع سے بھی کی جاتی ہے۔

مزال ایپ کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ تین برسوں میں دبئی میں خصوصی نمبر پلیٹس کی خرید و فروخت کا حجم 1.7 ارب درہم تک پہنچ چکا ہے، جو اس منفرد کاروبار میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کو ظاہر کرتا ہے۔