پشاور اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ پیش، اسکول مالک ناقص میٹریل کے استعمال کا ذمے دار قرار
انکوائری کمیٹی نے گورنر کو حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، مختلف سرکاری محکموں کی ذمے داریوں، تحقیقات کے نتائج اور سفارشات پر بریفنگ دی
فائل فوٹو
پشاور:گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت دیر کالونی اسکول حادثے کی انکوائری رپورٹ سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں انکوائری کمیٹی نے رپورٹ پیش کردی۔
پشاور کے علاقے دیر کالونی کے سعید آباد میں نجی اسکول الخیر ایجوکیشن سسٹم کی عمارت کی چھتیں 15 اکتوبر 2026 کو صبح 9 بج کر 5 منٹ پر منہدم ہوئی تھیں۔ حادثے میں 33 بچوں سمیت ایک استانی جاں بحق جبکہ 51 زخمی ہوئے تھے۔
انکوائری کمیٹی نے گورنر کو حادثے کی وجوہات، متعلقہ افسران کے بیانات، مختلف سرکاری محکموں کی ذمے داریوں، تحقیقات کے نتائج اور سفارشات پر بریفنگ دی۔انکوائری رپورٹ کے مطابق اسکول کی عمارت کی تعمیر میں ناقص میٹریل کا استعمال کیا گیا، جس پر اسکول کے مالک کو ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں متعلقہ سرکاری محکموں کی جانب سے غفلت اور اپنی ذمہ داریاں پوری نہ کرنے کے معاملے سے بھی گورنر کو آگاہ کیا گیا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے ہدایت کی کہ انکوائری رپورٹ کے قانونی پہلوؤں کا محکمہ قانون سے جائزہ لیا جائے اور ذمہ داری کے تعین کے بعد قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔دیر کالونی اسکول حادثے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ حادثے کی وجوہات اور انکوائری میں سامنے آنے والی خامیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔