گندم سے لدا جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا، دوسرے جہاز کی آمد 3 نومبر کو متوقع

دونوں جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم درآمد

October 28, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کراچی: کراچی پورٹ پر گندم کی بڑی کھیپ کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، جہاں 51 ہزار میٹرک ٹن گندم لے کر ایک جہاز پہنچ گیا ہے، جبکہ 59 ہزار میٹرک ٹن سے زیادہ گندم لے کر دوسرا جہاز 3 نومبر کو پہنچنے کی توقع ہے۔ دونوں جہازوں کے ذریعے مجموعی طور پر ایک لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن سے زائد گندم درآمد کی جارہی ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) کراچی گیٹ وے ٹرمینل ملٹی پرپز لمیٹڈ (کے جی ٹی ایم ایل) کے ذریعے گندم کی بلک کھیپ کی ہینڈلنگ میں سہولت فراہم کر رہا ہے، جس سے ملک کی بنیادی غذائی ضروریات پوری کرنے کے لیے درآمدی سامان کی ترسیل اور بندرگاہ پر مال برداری کے مؤثر انتظامات میں کراچی پورٹ کا کردار مزید مستحکم ہو رہا ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق گندم کی 51 ہزار میٹرک ٹن ظاہر کردہ مقدار لے کر آنے والے جہاز ایم وی گوکووا ایم (MV GOKOVA M) کو بندرگاہ کی برتھ نمبر 16 اور 17 الاٹ کی گئی ہیں۔یہ جہاز 28 اکتوبر 2026 کو 12 بج کر 25 منٹ پر کراچی پورٹ پہنچا، جہاں گندم کی کھیپ کی ہینڈلنگ کے انتظامات کیے گئے ہیں۔

دوسری جانب گندم کی 59 ہزار 132 اعشاریہ 19 میٹرک ٹن کھیپ لے کر آنے والے ایک اور جہاز ایم وی گریٹ رینبو (MV GREAT RAINBOW) کی 3 نومبر 2026 کو کراچی پورٹ آمد متوقع ہے۔دونوں جہازوں میں گندم کی مجموعی ظاہر کردہ مقدار 1 لاکھ 10 ہزار میٹرک ٹن سے زائد ہے، جو کراچی پورٹ کی بھاری مقدار میں اجناس کی ہینڈلنگ کی صلاحیت کو ظاہر کرتی ہے۔

کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق کے جی ٹی ایم ایل کے ذریعے بڑی مقدار میں گندم کی ہینڈلنگ سے ملک کی ضروری درآمدات کی بلاتعطل ترسیل یقینی بنانے اور بندرگاہ پر مال برداری کے مؤثر انتظامات میں کراچی پورٹ کے اہم کردار کو مزید تقویت مل رہی ہے۔